ٹیسٹ سیریز کیویز آزمودہ بٹالین سے بھارت پر حملے کو تیار

ون ڈے کے فاتح 12رکنی اسکواڈ پر ہی اعتماد برقرار، جیسی رائیڈر کو شامل کرلیاگیا


AFP January 27, 2014
ون ڈے کے فاتح 12رکنی اسکواڈ پر ہی اعتماد برقرار، جیسی رائیڈر کو شامل کرلیاگیا۔ فوٹو: فائل

کیویز آزمودہ ٹیسٹ بٹالین سے بھارت پر حملہ آور ہوگا، ویسٹ انڈیز کو زیر کرنے والے 12 رکنی دستے کو برقرار رکھا گیا ہے، روس ٹیلر کے کور اپ کیلیے جیسی رائیڈرکو بھی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز6 فروری سے ہوگا، بھارتی ٹیم کو بھی پچھاڑنے کیلیے کیویز نے اسی آزمودہ ٹیسٹ اسکواڈ پر اعتماد برقرار رکھا ہے جس نے گذشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں 2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان 12 کھلاڑیوں کے ساتھ جیسی رائیڈر کو بھی شامل کیا گیا ہے جوکہ حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے 22 ماہ کی خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے واپس آئے ہیں۔ انھوں نے بھارت سے ون ڈے سیریز میں اچھی پرفارمنس پیش کی ہے جس کا صلہ انھیں ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کی صورت میں ملاہے وہ روس ٹیلر کے کور اپ کے طور پر منتخب ہوئے ہیں، جن کے گھر پر دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

 photo 5_zpsd27df704.jpg

نیوزی لینڈ کے سلیکٹر بروس ایجر کا کہنا ہے کہ اس وقت ون ڈے ٹیم میں شامل مارٹن گپٹل، ہمیش بینیٹ اور جمی نیشام بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں ترقی پانے کیلیے زور لگا رہے ہیں مگر ہم نے جیسی رائیڈر کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس لیے اس سیریز کے فاتح اسکواڈ کو ہی ہم نے برقرار رکھا ہے۔ 29 سالہ جیسی رائیڈر نے اب تک 33 ٹیسٹ اننگز میں 40.93 کی اوسط سے رنز اسکور کیے ہیں، منتخب اسکواڈمیں کپتان برینڈن میک کولم، کورے اینڈرسن، ٹرینٹ بولٹ، ڈگ بریسویل، پیٹرفلٹن، ہمیش ردرفورڈ، جیسی رائیڈر، ایش سودھی، ٹم سائوتھی، روس ٹیلر، نیل ویگنر، بریڈلی ،جان واٹلنگ اور کین ولیمسن شامل ہیں۔