سوئی ناردرننادہندگان سے 42 ارب کی وصولی لاسز 26 فیصد کم

یہ کامیابی گیس چوروں کیخلاف کریک ڈائون، اخراج روکنے اور دیگر اقدامات کی وجہ سے ملی، ترجمان


Numainda Express January 28, 2014
نان کنزیومرز کی سطح پر22 ہزار ایم ایم سی ایف گیس چوری کی نشاندہی کی گئی۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ ٹیکنیکل گیس لاسز (یو ایف جی) جو2011 میں 12.6فیصد تھے کو کم کرکے 10فیصد پر لانے میں کامیاب ہو گئی ہے جس سے4 ارب روپے سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے۔

امن و امان کی خراب صورتحال اور صارفین کی تعداد میں اضافے کے باوجود یہ کامیابی گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون، موثر نگرانی، اخراج روکنے، خراب میٹر تبدیل کرنے اور ادارے میں موجود بدعنوان عناصرکیخلاف کارروائی کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق یو ایف جی لاسز میں یہ کمی ہرسطح پر احتساب کی وجہ سے ہوئی ہے، کمپنی نے4 لاکھ 60 ہزار نادہند صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین سے42 ارب روپے کی وصولی کی ہے، نان کنزیومرز کی سطح پر22 ہزار ایم ایم سی ایف گیس چوری کی نشاندہی کی گئی جبکہ14500 ایم ایم سی ایف گیس چوری پکڑتے ہوئے40 ہزار صارفین کو8 ارب روپے کے جرمانے کیے گئے۔

 photo 2_zps14dfaf00.jpg

چوری اور بدعنوانی کے کلچر کی حوصلہ شکنی کیلیے ایک لاکھ10 ہزار سے زائد نادہند صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کے گیس کنکشن منقطع کیے گئے، محکمے میں احتساب، شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیتے ہوئے کمپنی کے افسروں اور دیگر عملے کو648 سزائیں دی گئیں، ان میں129برطرفیاں اور98کی تنزلی شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے فارغ کیے جانے والے کرپٹ عناصر نے کمپنی کے ایم ڈی کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم شروع کر دی ہے، اس مہم میں وہ عناصر بھی شامل ہوگئے ہیں جو ذاتی مقاصد کیلیے ملک میں گیس چوری کے کلچرکو دوبارہ فروغ دینا چاہتے ہیں تاہم سوئی ناردرن گیس کمپنی اس پروپیگنڈے سے مغلوب نہیں ہوگی اور صارفین کی خدمت اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلیے کوشاں رہے گی۔