کورونا کیسز پاک افغان سیریز کی راہ میں حائل

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 اگست 2021
سری لنکا میں 10روزہ لاک ڈاؤن جاری،رات کا کرفیو،میچز کا امکان تقریباً ختم۔ فوٹو: فائل

سری لنکا میں 10روزہ لاک ڈاؤن جاری،رات کا کرفیو،میچز کا امکان تقریباً ختم۔ فوٹو: فائل

لاہور: سری لنکا میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز  پاک افغان سیریزکی راہ میں حائل ہونے لگے جب کہ 10روزہ لاک ڈاؤن کا جمعے کو آغاز ہوچکا جس کے بعد آئندہ ماہ میچز کا امکان تقریباً ختم ہو چکا۔

افغانستان کوآئندہ ماہ کے اوائل میں سری لنکا میں پاکستان ٹیم کی میزبانی کرنا تھی،سیریز میں آئی سی سی ورلڈ لیگ میں شامل3ون ڈے میچزشیڈول کے گئے، پہلا مقابلہ ممکنہ طور پر 3اورآخری 9 ستمبر کوممکن تھا۔

اس سے قبل دونوں اسکواڈز میں شامل تمام کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کو 3روزہ قرنطینہ مکمل کرتے ہوئے کورونا ٹیسٹ بھی کلیئر کرنا تھے،البتہ سری لنکا میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز سیریز کی راہ میں حائل ہو گئے ہیں۔

ملک میں جمعے سے 10روزہ لاک ڈاؤن کا آغاز ہو چکا جس کے بعد ستمبر میں میچز کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے،بدھ کو وائرس سے187 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور3793 کیسز سامنے آئے تھے، پیر سے رات کا کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

دوسری جانب افغانستان پر طالبان کا غلبہ ہونے کے بعد کابل ایئرپورٹ سے کمرشل پروازیں معطل ہیں،لاجسٹک مسائل کی وجہ سے سیریز پہلے ہی غیر یقینی صورتحال سے دوچارتھی،افغان کرکٹ بورڈ مقابلوں کا انعقاد ممکن بنانے کیلیے متبادل بی پلان پر غور کررہا تھا،اگر کابل سے کمرشل پروازیں شروع نہیں ہوتیں تو کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کیلیے ویزے حاصل کرکے انھیں پہلے پاکستان بھجوایا جاتا،یہاں سے پہلے یواے ای اور پھر کولمبو کیلیے اڑان بھری جا سکتی تھی۔

چیف ایگزیکٹیو حامد شنواری کا کہنا تھا کہ حالات سازگار ہوتے ہی اسکواڈ کی سری لنکا روانگی کا بندوبست کیا جائے گا،انھوں نے ستمبر کے آخر میں انڈر 19ٹیم کا دورئہ بنگلہ دیش بھی شیڈول کے مطابق ہونے کا عندیہ دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔