رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

ارشد پپوسمیت 3 افرادکے قتل کے مقدمے میں وکلائے طرفین نے دلائل مکمل کرلیے


Staff Reporter January 29, 2014
موکل واقعے کے وقت لیاری میں نہیں تھے،وکیل،ملزم کیخلاف ثبوت نہیں ملا،تفتیشی افسر فوٹو : فائل

عدالت عالیہ نے ارشد پپو سمیت 3 افراد کے قتل میں ملوث قومی اسمبلی کے رکن شاہ جہاں بلوچ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس غلام سرور کورائی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے ارشد پپو قتل کیس میں ملوث شاہ جہاں بلوچ کی دائر درخواست ضمانت پر وکلائے طرفین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا،شاہ جہاں بلوچ کی جانب سے عامر منصوب ایڈوکیٹ نے دلائل میں مو قف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، سیاسی بنیاد پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔



ان کے موکل معزز شہری اور رکن قومی اسمبلی ہیں ان کا کسی غیرقانونی سرگرمی سے تعلق نہیں،پولیس نے انھیں لیاری گینگ وار کے ارشد پپو اور اس کے بھائی یاسر عرفات سمیت 3 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے ، واقعے کے وقت میں لیاری میں موجود نہیں تھے تفتیشی افسر نے بیان میں کہا کہ شاہ جہاں بلوچ کے خلاف تاحال کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، فاضل بینچ نے طرفین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔