صوبوں کیلیے پارلیمانی کمیشن میں نمائندگی غیر مساوی ہے درانی

کمیشن نے عوامی امنگوں کیخلاف فیصلے کی کوشش کی تو عوام اسے ناکام بنا دیں گے


Numainda Express September 10, 2012
کمیشن نے عوامی امنگوں کیخلاف فیصلے کی کوشش کی تو عوام اسے ناکام بنا دیں گے. فوٹو: فائل

پاک سعودی کونسل کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ صوبوں کیلیے پارلیمانی کمیشن میں نمائندگی غیر مساوی ہے۔

بہاولپور اور ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی غیر مساوی نمائندگی سے وفاقی حکومت کی نیت عیاں ہو گئی ہے۔ یہاں بھی بہاولپور کے ساتھ نا انصافی کرتے ہوئے کمیشن میں پانچ ممبران کا تعلق ملتان جبکہ بہاولپور کی نمائندگی کیلیے صرف دو ممبران کو نامزد کیا گیا ہے۔ کمیشن نے عوامی امنگوں کیخلاف کوئی فیصلہ کرنیکی کوشش کی تو عوام اس کو ناکام بنا دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواز فائونڈیشن کے ممبران اعجاز حسین مغل' جان محمد چوہان' طارق لاشاری' شازیہ طارق' ملک محمد اسلم' خرم حیات و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر کیا۔ اس موقع پر فیلڈ ٹیم کے ممبران میں عظمیٰ اور شیخ عزیز الرحمن نے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک اور سٹیپ کے بارے میں محمد علی درانی کو آگاہ کیا اور انہیں پارلیمنٹ واچ کی پبلیکیشن کا ایک سیٹ بھی دیا۔ محمد علی درانی نے کہا کہ فافن جیسے ادارے پاکستان میں مضبوط جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلیے بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔