راولپنڈی میں 14 سالہ طالب علم سے زیادتی کرنے والا معلم گرفتار

بچے کو 4 دن پہلے مدرسے میں داخل کروایا، لیکن قاری عثمان نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، والد کا بیان


ویب ڈیسک September 05, 2021
ملزم قاری عثمان کے خلاف متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، ایس پی پوٹھوہار۔ فوٹو:ایکسپریس

لڑکے سے زیادتی کرنے والے مدرسے کے معلم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں بچے سے زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور ایک بار پھر مدرسے کے معلم نے 14 سالہ لڑکے سے مبینہ زیادتی کی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

متاثرہ بچے کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ 4 روز قبل ہی اپنے بچے کو مدرسے میں داخل کروایا، لیکن قاری عثمان نے میرے بیٹے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، جس کی اطلاع ایس ایچ او کینٹ کو دی، پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس پی پوٹھوہار تصور اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزم قاری عثمان کے خلاف متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، اور زیادتی کا شکار لڑکے کا میڈیکل کروایا جارہا ہے، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔