’’بگ تھری‘‘ چھوٹوں کے 30 کروڑ ڈالر ہڑپ لیں گے

ایسوسی ایٹ ممالک کا ترقیاتی فنڈز کم کرنے سے بڑی ناانصافی کوئی نہیں ہو سکتی، مانی


Sports Desk January 30, 2014
آئی پی ایل کرپشن تحقیقاتی رپورٹ آنے سے1دن قبل آئی سی سی میٹنگ رکھنے پر حیران ہوں۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی میں تبدیلی کی سفارشات منظور ہونے پر ''بگ تھری'' چھوٹے ممالک کے 30کروڑ ڈالر ہڑپ لیںگے،اس کا انکشاف سابق آئی سی سی صدر احسان مانی نے کیا۔

ان کے مطابق ایسوسی ایٹ ممالک کے ترقیاتی فنڈز میں 30 کروڑ ڈالر کم کر کے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو دینے سے زیادہ ناانصافی اور کوئی نہیں ہوسکتی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان تینوں ممالک کو دولت کی کیا کمی ہے، البتہ ایسوسی ایٹ ٹیموں کو اپنی کرکٹ کی ترقی کیلیے پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔احسان مانی نے کہا کہ میں بگ تھری سے باہر کے کرکٹ بورڈز سے رابطہ کر کے انھیں سمجھانے کی کوشش کروں گا کہ ایسا طریقہ کار اپناناچاہیے جس میں سب کا مفاد موجود ہو۔ انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر سخت حیران ہوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنا آئندہ اجلاس آئی پی ایل کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ آنے سے ایک دن پہلے ہی کیوں طلب کیا،اگر وہ اپنا صدر یا چیئرمین بھارت سے بنانا چاہتی ہے تومذکورہ رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے جس میں چنئی سپر کنگز پر بھی شکوک وشبہات ظاہر کیے جا چکے ہیں۔

 photo 3_zps78c7714b.jpg

یاد رہے کہ اس ٹیم کے مالک بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن ہیں، ان کے داماد میاپن کو اس کیس میں حراست میں بھی لیاگیا تھا،اس وقت سری نواسن پر اس قدر دباؤ بڑھاکہ انھیں وقتی طور پر اپنے اختیارات سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔احسان مانی نے کہا کہ اس بارے میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی کے اگلے اجلاس سے قبل حالات اپنے حق میں کرنے کیلیے سری لنکا اور بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالیں گے، ویسٹ انڈیز کو زیادہ سے زیادہ دو طرفہ سیریز کھیلنے کی یقین دہانی پہلے ہی کرا دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بگ تھری جو کچھ چاہتے تھے وہ اس اجلاس میں نہیں ہوا لیکن ایگزیکیٹو کمیٹی میں تین کے بجائے پانچ ارکان کو رکھنے کے باوجود طاقت کا توازن بھارت،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے حق میں ہی رہے گا،باقی دو ارکان ان تینوں کے سامنے آواز بلند نہیں کرسکیں گے اور من مانی جاری رہے گی، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پانچ کے بجائے7 ارکان بشمول دو غیرجانبدار اور آزاد ارکان اس کمیٹی میں شامل ہوتے مگر ایسا نہ کیا گیا۔