وصولیوں میں اضافے کی شرح ٹیکس ہدف کے لئے ناکافی قرار

ریونیومیں گروتھ 16.5فیصد،2475 ارب کاہدف حاصل کرنے کیلیے27.6 فیصد نموچاہیے


Irshad Ansari January 31, 2014
وصولیوں میں مطلوبہ گروتھ کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں،ایف بی آرکا فیلڈ فارمیشنز کوخط فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ٹیکس وصولیوں میں اضافے کی موجودہ شرح کو رواں مالی سال کے لیے مقررہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے ناکافی قرار دے دیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی ا وز) اور ایل ٹی یوز کولیٹر لکھا ہے کہ فیلڈ فارمشنز کی طرف سے جنوری میں ٹیکس وصولیاں تسلی بخش نہیں ہیں، وصولیوں میں گروتھ کی موجودہ شرح نہ صرف رواں ماہ بلکہ ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کے لیے بھی ناکافی ہے، حقیقت میں متعدد ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔



جس کی وجہ سے ٹیکس وصولیوں میں زیادہ اضافہ نہیں ہورہا لہٰذا تمام ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ریونیو اکھٹا کرنے کو یقینی بنایا جائے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ نمو ہوسکے۔ اس بارے میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ رواں مالی سال ٹیکس وصولیوں میں گروتھ 16.5فیصد رہی ہے جبکہ 2475 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے 27.6 فیصد گروتھ درکار ہے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کا پرفارمنس الائونس بند کردیاجائے جو بنیادی تنخواہ کے برابرہے۔