پورنو گرافی کیس؛ سنگین الزامات کے باوجود راج کندرا کو ضمانت کیوں ملی؟

ویب ڈیسک  بدھ 22 ستمبر 2021
پولیس کی جانب سے راج کندرا 8 سے زیادہ  دفعات لگائی گئی ہیں فوٹوبھارتی میڈیا

پولیس کی جانب سے راج کندرا 8 سے زیادہ دفعات لگائی گئی ہیں فوٹوبھارتی میڈیا

ممبئی: پورنو گرافی کیس میں ملوث بھارتی بزنس مین اور اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا پر سنگین  الزامات کے باوجود انہیں ضمانت کیوں دی گئی۔

راج کندرا کو 19 جولائی کو فحش مواد تیار کرنے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ممبئی کرائم برانچ نے ان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا کہ راج کندرا اس کیس میں کلیدی سازش کرنے والا شخص ہے۔

پولیس کی جانب سے راج کندرا پر آئی پی سی، آئی ٹی ایکٹ اور خواتین کو غلط انداز میں پیش کرنے کے ایکٹ سمیت 8 سے زیادہ  دفعات لگائی گئی ہیں۔ پھر اتنے سنگین الزامات کے باوجود عدالت نے راج کندرا کو کن بنیادوں پر ضمانت دی۔ اس بارے میں بھارتی میڈیا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت نے مشاہدہ کیا ہے کہ صرف اس بنیاد پر کہ مزید تفتیش جاری ہے ملزم کو مقدمے کے اختتام تک سلاخوں کے پیچھے نہیں رکھا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ممبئی پولیس کا راج کندرا کے حوالے سے نیا انکشاف

عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ ملزم کے جیل سے باہر ہونے کی صورت میں شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہونے کا امکان کم ہے کیونکہ ویان انڈسٹریز کے تمام لیپ ٹاپ اور موبائل فون ضبط کرلیے گئے ہیں اور پولیس کی تحویل میں ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سائبر ماہر کی رپورٹ آنی باقی ہے جس کا انتظار کیا جارہا ہے۔ فی الحال تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں کیونکہ چارج شیٹ 15 ستمبر کو دائر کی گئی تھی۔

تاہم عدالت نے راج کندرا کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے کچھ شرائط عائد کی ہیں جو یہ ہیں راج کندرا ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے اور اپنے رابطے کے نمبرز کو بھی تبدیل نہیں کریں گے اس کے علاوہ رابطہ نمبریا رہائشی پتے میں تبدیلی کے بارے میں پہلے پولیس کو آگاہ کریں گے۔ عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے راج کندرا بھارت نہیں چھوڑیں گے اور اگر وہ ایسا چاہتے ہیں تو عدالت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

واضح رہے کہ راج کندرا گزشتہ دوماہ سے فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپ میں نشر کرنے کے کیس میں پولیس کی حراست میں تھے۔ تاہم 20 ستمبر کو ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی 50 ہزار روپے کی زر ضمانت کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔