پاکستان میں ہر سال 90 ہزار خواتین کینسر کا شکار ہونے لگیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر کا عالمی دن 4 فروری کومنایا جائیگا ،بر وقت تشخیص سے مرض کا علاج ممکن ہے


Staff Reporter February 01, 2014
کینسرکی ابتدائی علامات میں مستقل تھکن،وزن میں اچانک کمی،درد، بخار،ہاضمے کی مسلسل خرابی اورکھانسی شامل ہیں- فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر کا عالمی دن 4 فروری کومنایا جائیگا جس کا مقصدعوام کو اس موذی مرض کے خطرات سے آگاہ کرنااوراس کی روک تھام اورعلاج کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھرمیں سالانہ ایک کروڑ 27لاکھ سے زیادہ افراد مختلف اقسام کے کینسرکا شکار ہوتے ہیں اور ہر سال 81 لاکھ سے زیادہ افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں ، موجودہ صورتحال کوکنٹرول نہ کیا گیا تو 2030 میں کینسر میں سالانہ مبتلا ہو نے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ اور ہلاک ہو نے والوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑسے تجاوز کر نے کا اندیشہ ہے، دنیا میں کینسرکی 17 فیصد اموات پھیپھڑوں، 11 فیصد پیٹ جبکہ 7 فیصد اموات چھاتی کے کینسرکی وجہ سے ہوتی ہیں۔

 photo 5_zps2ebb9006.jpg

طبی ماہرین کے مطابق پاکستانی خواتین میں ہر سال لگ بھگ 90 ہزارسے زیادہ کینسرکے کیس رپورٹ ہوتے ہیں،خواتین میں بریسٹ کینسر جبکہ مردوں میں پھیپھڑوں اورپراسٹیٹ کے علاوہ منہ کے سرطان میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے اگر سرطان کی بر وقت تشخیص ہوجائے تو اس کا علاج ممکن ہے مگرملک میں سرطان کی ابتدائی تشخیص کی شرح بہت کم ہے جس کی وجہ عوامی آگہی کافقدان ہے،کینسرکی ابتدائی علامات میں مستقل تھکن، وزن میں اچانک کمی، درد، بخار، ہاضمے کی مسلسل خرابی اورکھانسی وغیرہ شامل ہیں۔