بھارتی بورڈ نے زیادہ رقم کے مطالبے کو جائز قرار دیدیا

پوزیشن پیپر پر مکمل متفق ہیں،اس کا پاور گیم سے کوئی تعلق نہیں بنتا،سنجے پٹیل


Sports Desk February 01, 2014
زیادہ آمدنی پیدا کرنے والے کو ادائیگی بھی زیادہ کرنی چاہیے ،سنجے پٹیل۔ فوٹو: فائل

بھارتی بورڈ نے زیادہ رقم کے مطالبے کو جائز قرار دیدیا ہے، سیکریٹری سنجے پٹیل کے مطابق زیادہ آمدنی پیدا کرنے والے کو ادائیگی بھی زیادہ کرنی چاہیے ۔

بی سی سی آئی نے کرکٹ آسٹریلیا اور ای سی بی کے ساتھ ایک 'پوزیشن پیپر' ڈرافٹ کیا جس میں آمدنی کی تقسیم میں بگ تھری بورڈز کو زیادہ حقدار قرار دیا گیا ہے۔ حیدرآباد دکن میں رنجی ٹرافی فائنل کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے پٹیل نے کہا کہ اگرچہ ہم کُل آمدنی کا60سے70 فیصد پیدا کررہے ہیں لیکن صرف 4 فیصد ادائیگی کی جارہی ہے، اس لیے ہمارا مزید شیئرکا مطالبہ جائز ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت بی سی سی آئی کو آئی سی سی کی آمدنی کا تقریباً تیسرا حصہ ملنے کی توقع ہے۔9 جنوری کوبورڈ میٹنگ میں تمام ارکان کو پوزیشن پیپر پیش کیا گیا تھا، بگ تھری کو امید تھی کہ تجاویز 28 اور 29 جنوری کے اجلاس میں منظور کرلی جائیگی۔

 photo 4_zpsbe5a1c44.jpg

اگرچہ آئی سی سی نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ڈرافٹ کے اہم اصولوں پر تمام ارکان متفق ہیں لیکن 28 جنوری کی میٹنگ کے اختتام تک ارکان کسی بھی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔ اصل ڈرافٹ کے منظر عام پر آنے اور تنقید کا نشانہ بننے کے باوجود پٹیل نے پیپر اور سفارشات کو مثبت قرار دیا، انھوں نے کہا کہ اس کا پاور گیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم پوزیشن پیپر پر بالکل متفق ہیں، اس سے متعلق بہت سی غلط فہمیاں ہیں، بھارت کی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بہت اچھا پوزیشن پیپر ہے،کرکٹ اور آمدنی کے لحاظ سے ہماری اہم پوزیشن ہے، تمام ارکان ہمارے مالی مطالبے پر متفق ہیں ۔