نادیہ خان کے ساتھ دھوکا دہی کرنے والا آئی ٹی ماہر گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 ستمبر 2021
ملزم نے ستمبر 2020 میں نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یو ٹیوب چینل کو بحال کیا تھافوٹوفائل

ملزم نے ستمبر 2020 میں نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یو ٹیوب چینل کو بحال کیا تھافوٹوفائل

کراچی: اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کرنے اور ان کے یوٹیوب چینل کی کمائی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے والے آئی ٹی ماہر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے اداکارہ نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کرنے والے آئی ٹی ماہر حماد سمیع کو گرفتار کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم حماد سمیع نے ستمبر 2020 میں نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کیا تھا۔ تاہم اسی دوران ملزم نے ہوشیاری سے اداکارہ کے یوٹیوب چینل کی کمائی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروالی۔ فراڈ کا پتہ چلنے کے بعد نادیہ خان نے ایف آئی اے سائبر کرائم میں ملزم کے خلاف شکایت درج کروائی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ عمران ریاض کے مطابق ایف آئی اے نے نادیہ خان کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ان سے سائبر فراڈ کرنے والے ملزم حماد سمیع کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔  ملزم نے نادیہ خان کو ستمبر 2020 کے بعد یوٹیوب چینل سے ہونے والی کمائی سے محروم کردیا تھا۔

واضح رہے کہ نادیہ خان نے 2017 میں یوٹیوب چینل جوائن کیا تھا ان کے یوٹیوب پر ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔