عمر شریف علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ

ویب ڈیسک  منگل 28 ستمبر 2021
ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لیکر 11 بجے امریکا روانہ ہوگی، ذرائع	فوٹوفائل

ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لیکر 11 بجے امریکا روانہ ہوگی، ذرائع فوٹوفائل

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سینئر اداکار عمر شریف علاج کے لئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوگئے۔

اداکار عمر شریف علاج کے لئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوگئے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر بھی ایئر ایمبولینس میں ان کے ساتھ سفر کررہی ہیں۔

عمر شریف کی روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایئر ایمبولینس میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری سفری کارروائی مکمل کی گئی۔ جب کہ سی اے اے کی جانب سے ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے انتظامات مکمل کئے۔

اس سے قبل عمر شریف کو آغا خان اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ کیا گیا تھا۔ روانگی سے قبل عمر شریف کی اہلیہ زرین عمرنے کہا تھا ہائی رسک فلائٹ ہے دعا کریں سب ٹھیک رہے۔ خیال رہے ایئرایمبولینس گزشتہ روز عمرشریف کو لینے کراچی پہنچی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمرشریف کا امریکا روانگی کا شیڈول تبدیل

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔