شہبازشریف کے کیسزیومیہ سنیں جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو، فوادچوہدری

ویب ڈیسک  بدھ 29 ستمبر 2021
لوٹا گیا پیسہ عمران خان کا ذاتی نہیں قوم کا پیسہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات . فوٹو : فائل

لوٹا گیا پیسہ عمران خان کا ذاتی نہیں قوم کا پیسہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدلیہ سے اپیل ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کیسز کو یومیہ بنیادوں پر سنا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی طرح ڈیڑھ گھنٹہ تقریرنہیں کرنا چاہتا، مسلم لیگ (ن) کے صدر کے خلاف اس وقت پاکستان میں 2 کیس چل رہے ہیں، شہباز شریف کیس میں 6 ماہ تک اس عدالت میں جج ہی نہیں تھا، ان کےخلاف مقدمہ روزانہ کی بنیاد پرنہیں چل رہا، ہمارا مطالبہ ہے کہ شہبازشریف کیس کوروزانہ کی بنیاد پرسنا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد اسلم چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں بھی پیسے آئے، مشتاق چینی والے کے اکاؤنٹ میں بھی اربوں روپے آئے، یہ لسٹ دیکھ کرآپ حیران ہوجائیں گے اس ملک کے یہ حالات اورمہنگائی کیوں ہے، اس ملک کواس طرح لوٹا گیا، رمضان شوگر مل کے کلرک غلام شبیر کے اکاؤنٹ میں 1 ارب57 کروڑ آئے، قیصرعباس کے اکاؤنٹ میں ایک ارب 37 کروڑ آئے، گلزارخان انتقال کر گئے ہیں ان کے اکاؤنٹ میں 1 ارب 28 کروڑآئے۔

یہ بھی پڑھیں :برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستانی سپریم کورٹ اور اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، شہباز شریف

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے کہا اگر سلیمان شہباز بری ہو گئے تو وہ بھی بری ہو جائیں گے، شہباز سے پاکستان میں ٹی ٹیزکا پوچھا جائے تو کہتے ہیں سلمان شہبازسے پوچھیں، فیک نیوز پر شہزاد اکبر کیس فائل کر رہے ہیں، لوٹا گیا پیسہ عمران خان کا ذاتی نہیں قوم کا پیسہ ہے، مریم نواز کیس میں کبھی وکیل کی کمرمیں درد ہو جاتا ہے، اس طرح کے فراڈ عدالتوں کے ساتھ کیے جا رہے ہیں، لیگی نائب صدر کو ہم باہر نہیں جانے دے رہے ہیں اگر اجازت مل جائے تو یہ فوری طور پر باہر چلے جائیں، نوازشریف اور سلیمان شہباز کو پاکستان واپس آنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔