این سی بی نے آریان خان کو ’’سپر ڈوپر اسٹار‘‘ بنادیا، رام گوپال ورما

ویب ڈیسک  جمعرات 14 اکتوبر 2021
شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کو صرف سپر اسٹار بنایا، رام گوپال ورما فوٹوفائل

شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کو صرف سپر اسٹار بنایا، رام گوپال ورما فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی فلم ہدایت کار رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ این سی بی نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ’’سپر ڈوپر اسٹار‘‘ بنا دیا ہے۔

منشیات کیس میں گرفتار ’کنگ خان‘ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہیں ہوسکی اور اب آریان کے لیے آواز اٹھانے والوں میں بھارت کا ایک اور مشہور نام شامل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیل حکام آریان خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا شکار

ہدایت کار رام گوپال ورما نے گزشتہ روز آریان خان کی ضمانت نہ ہونے پر اپنے ٹوئٹر میں کہا تھا کہ  شاہ رخ خان کے تمام حقیقی اور ذہین مداحوں کو این سی بی کا شکرگزار ہونا چاہیے کیونکہ انہی کی وجہ سے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے ’’سپر ڈوپر اسٹار‘‘ بن گئے۔ میں شاہ رخ خان کا حقیقی پرستار ہونے کی حیثیت سے صرف ’’جے۔۔ این سی بی‘‘ کا نعرہ لگاتا ہوں۔

https://twitter.com/RGVzoomin/status/1448322923622637568

رام گوپال ورما نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ میں شرطیہ کہتا ہوں کہ آنے والے مستقبل میں آریان خان کہیں گے کہ انہوں نے اپنے والد کی نسبت این سی بی سے اور جیل میں زندگی کے متعلق بہت کچھ سیکھا۔

رام گوپال ورما کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کو صرف سپر اسٹار بنایا لیکن این سی بی نے اسے زندگی کا دوسرا پہلو دکھایا جہاں وہ اپنے والد کے کنٹرول سے باہر ہیں۔ اس طرح آریان کو زمینی حقائق کو سمجھ کر اپنی کارکردگی اور اپنی شخصیت کو لاجواب بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے آریان کو نشانہ بنایا جارہا ہے

واضح رہے کہ گزشتہ روز منشیات کیس میں گرفتار کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی این سی بی کے وکیل کے دلائل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ضمانت نہیں ہوسکی تھی اور سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔ آج ایک بار پھر آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔