تفتیشی افسران گواہوں کو عدالت میں پیش کرنے میں ناکام

عدالت کی پولیس افسران کو آخری وارننگ، شوکاز نوٹس جاری،جواب طلب


Staff Reporter September 11, 2012
عدالت نے گواہوں کو عدالت میں پیش کرنے کیلیے تفتیشی افسران سب انسپکٹر جمیل اختر اور انسپکٹر جمال خان کو آخری وارننگ دی ہے۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی عبداللہ چنہ نے قتل کے مقدمات میں ملوث سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے محمد قاسم عرف ببلو اور سید سہیل کے مقدمات میں گواہوں کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر مقدمات کے تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں اور24ستمبر کو جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے گواہوں کو عدالت میں پیش کرنے کیلیے تفتیشی افسران سب انسپکٹر جمیل اختر اور انسپکٹر جمال خان کو آخری وارننگ دی ہے، تفصیلات کے مطابق تھانہ سرجانی میں پاچا خان کو جولائی 2011کو اورفروری2011کو سجاد خان اور محمد عمران کو قتل کیا گیا تھا پولیس نے مذکورہ ملزمان کو نامزد کرکے گرفتار کیا تھا اور پولیس کے مذکورہ تفتیشی افسران نے ملزمان کیخلاف چالان جمع کرادیا تھا ایک برس سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود تفتیشی افسران استغاثہ کے گواہوں کوعدالت میں پیش نہیں کررہے تھے عدالت نے متعدد بار نوٹس و سمن جاری کیے تاہم پولیس افسران گواہوں کو پیش کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے تھے پیر کو فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں پولیس افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے اور جواب بھی طلب کرلیا ہے۔