ڈیوس کپ برطانیہ 8 برس بعد کوارٹر فائنل میں داخل

انگلش ٹیم اس سےقبل1986میں اس مرحلےتک پہنچ پائی تھی،اٹلی نے بھی ارجنٹائن کی رائونڈ 8 میں رسائی کا 12 سالہ سلسلہ توڑ دیا


Sports Desk February 04, 2014
کیلیفورنیا:ڈیوس کپ میں امریکا کیخلاف کامیابی حاصل کرنے والی برطانوی ٹینس ٹیم پرچم تھامے ہوئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

ڈیوس کپ میں برطانیہ اور اٹلی نے بھی رائونڈ8 میں رسائی حاصل کرلی، ان سے قبل چھ ممالک سوئٹزرلینڈ، جرمنی، فرانس، قازقستان، جاپان اور دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک نے ورلڈ گروپ رائونڈ ون مقابلے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی، اتوار اور پیر کی شب مکمل ہونے والی ٹائی میں برطانیہ نے امریکا کو 3-1 سے شکست دے دی۔

ومبلڈن چیمپئن اینڈی مرے نے دوسرا سنگلز جیت کر اپنے ملک کو 28 برس بعد کوارٹر فائنل میں پہنچوادیا، ارجنٹائن کے 12 برسوں سے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا سلسلہ ختم ہوگیا، اٹلی نے انھیں 3-1 سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ میں برطانیہ اور اٹلی نے بھی رائونڈ8 میں رسائی حاصل کرلی، ان سے قبل چھ ممالک سوئٹزرلینڈ، جرمنی، فرانس، قازقستان، جاپان اور دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک نے ورلڈ گروپ رائونڈ ون مقابلے جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں، اتوار اور پیر کی شب مکمل ہونے والی ٹائی میں برطانیہ نے امریکا کو 3-1 سے شکست دے دی، ومبلڈن چیمپئن اینڈی مرے نے دوسرا سنگلز جیت کر اپنے ملک کو 28 برس بعد کوارٹر فائنل میں پہنچوادیا، پہلے ریورس سنگلز میں اینڈی مرے نے میزبان امریکی حریف سام کیورے کو 7-6 (7/5) ،6-7 (3/7)، 6-1 اور6-3 سے مات دی، ٹائی میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری مل جانے پر دوسرا ریورس سنگلز منعقد نہیں ہوا، جو ڈونلڈ ینگ اور جیمز وارڈ کے درمیان شیڈول تھا،اس سے قبل ابتدائی سنگلز میں اینڈی مرے نے ڈونلڈ ینگ کو زیر کیا تھا جبکہ سام کیورے پر جیمز وارڈ نے غلبہ حاصل کیا تھا البتہ ڈبلز میں امریکی پلیئرز باب اور مائیک برائن نے انگلش حریفوں کولنگ فلیمنگ اور ڈومنیک انگلوٹ کو پچھاڑ کر ٹائی میں اپنے ملک کی کامیابی کی امید کوروشن کیا تھا، انگلینڈ 28 برس بعد ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی پانے میں کامیاب ہوا ہے۔



اس سے قبل برطانیہ نے 1986 میں رائونڈ 8 میں شمولیت اختیار کی تھی، اسی کے ساتھ امریکا کیخلاف ڈیوس کپ میں 1935 کے بعد برطانیہ کی بھی یہ پہلی فتح ہے۔دوسری جانب مارڈیل پلاٹا میں میزبان ارجنٹائن کو اٹلی نے 3-1 سے شکست دے دی، میزبان ٹیم کو ٹائی میں واحد کامیابی ابتدائی سنگلز میں کارلوس بیرلوک نے آندریس سیپی کو زیر کرکے دلوائی، اس کے بعد جوآن مناکو کیخلاف اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی نے کامیابی کو گلے لگاکر مقابلہ برابر کیا جبکہ ہفتے کو منعقدہ ڈبلز میں سیمونبولیلی اور فابیو فوگنینی نے میزبان جوڑی ہوراسیو زیبالوس اور ایڈورڈو شوانک کو مات دیکر اطالوی ٹیم کو2-1 کی سبقت دلائی تھی جبکہ پہلے ریورس سنگلز میں فابیو فوگنینی نے دوسرا انفرادی مقابلہ جیت کرٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچادیا، ان کی فتح کا اسکور 6-7 (7/5)، 6-4،6-1 اور6-1 رہا، مقابلہ تین گھنٹے 38 منٹ جاری رہا، اس ناکامی کے ساتھ ہی ارجنٹائن کی 12 برسوں سے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی روایت ختم ہوگئی، اٹلی نے 1976 میں اولین ڈیوس کپ ٹائٹل جیتا تھا جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم چار مرتبہ فائنلز میں ناکام ہوچکی ہے۔