ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ سری لنکا نے آئرلینڈ کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 20 اکتوبر 2021
سری لنکا کے ہاسا رنگا ڈی سلوا 71 اور پاتھوم نیسنکا 61 رنز بناکر نمایاں رہے - فوٹو: آئی سی سی

سری لنکا کے ہاسا رنگا ڈی سلوا 71 اور پاتھوم نیسنکا 61 رنز بناکر نمایاں رہے - فوٹو: آئی سی سی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو70 رنز سے شکست دیدی۔ 

اومان میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور ایوشکا فرنانڈو کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ دنیش چندیمل بھی  6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم ڈی سلوا نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا ٹوٹل فراہم کیا۔

ہاسا رنگا ڈی سلوا نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ پاتھوم نیسنکا 61 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارک آڈیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 101 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان اینڈی بال برینی اور کرٹس کیمفر 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ماہیش تھکشانا نے 3، کروناراتنے اور لاہیروکمارا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں

واضح رہے سری لنکا نے اپنے پہلے میچ میں نمیبیا اور آئرلینڈ نے نیدرلینڈ کو شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔