لائیو اسٹریم میں صحافی سے فون چھین کراپنی شکل دکھانے والا احمق چور گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اکتوبر 2021
مصرمیں لائیو اسٹریم کے دوران چور نے صحافی کا فون چھین لیا اور اپنا چہرہ بھی ہزاروں لوگوں کو دکھادیا۔ فوٹو: بی بی سی

مصرمیں لائیو اسٹریم کے دوران چور نے صحافی کا فون چھین لیا اور اپنا چہرہ بھی ہزاروں لوگوں کو دکھادیا۔ فوٹو: بی بی سی

قاہرہ: دنیا کا احمق ترین چور قاہرہ میں اپنی بیووقوفی کی وجہ سے اس وقت گرفتار ہوگیا جب اس نے اسمارٹ فون سے لائیو ویڈیو نشر کرنے والے ایک صحافی سے فون چھینا اور جلد بازی میں اپنی شکل بھی نشر کردی۔

اس احمق ترین چور کی ویڈیو اس وقت براہِ راست ہزاروں افراد نے دیکھی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔

محمد رجب نامی صحافی یوم سیون نامی نیوز ویب سائٹ کے لے لائیو اسٹریم کررہے تھے جو سوشل میڈیا پر نشر ہورہی تھی۔ اچانک موٹرسائیکل پر ایک شخص آیا جس نے صحافی کے ہاتھ سے جھٹکے سے فون چھین لیا۔ اس دوران فون پر اس کی شکل بھی نشر ہوگئی جس میں وہ سگریٹ نوشی کرتا دکھائی دے رہا تھا۔

اس ویڈیو کے بعد پولیس نے چورکو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ مصر کے شہر شبرہ الخیمہ میں پیش آیا ہے جہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ محمد رجب وہاں ایک پل پر لائیو رپورٹنگ کررہے تھے کہ چور نے موقع کا فائدہ اٹھا کر ان سے فون چھین لیا۔

اس دوران لائیو ٹرانسمیشن میں فون ہلا اور اچانک ایک نوجوان کی ویڈیو ظاہر ہوئی جو اس چور کی تھی جس نے فون چھین لیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک پرلائیو اسٹریم میں موجود کئی شہریوں نے اسے پہچان بھی لیا کیونکہ اس وقت 20 ہزار افراد اسے دیکھ رہے تھے۔ بعض افراد نے کہا کہ یہ واقعہ بہت مضحکہ خیز بھی تھا۔

پھر یہ ویڈیو بہت وائرل ہوئی جس پر 45 ہزار افراد نے اپنی رائے بھی دی ہے۔ پولیس نے 24 گھنٹے میں چور کو پکڑ لیا جو خود کو بیروزگار بتاتا ہے اور اس نے چوری شدہ فون ایک تاجر کو فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔