پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر بنگلادیش میں جشن، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  پير 25 اکتوبر 2021
بنگلادیشی شائقین کی پاکستان کی فتح کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، فوٹو: فائل

بنگلادیشی شائقین کی پاکستان کی فتح کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، فوٹو: فائل

ڈھاکا: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی جس پر نہ صرف وطن پاک میں بلکہ دیگر مسلم ممالک میں بھی جشن منایا گیا۔

ٹاکرا پاکستان اور بھارت کا ہو تو لگتا ہے محاذ جنگ کا سما ہے۔ گلی گلی اسکرینیں لگ جاتی ہیں اور گھروں میں بھی میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

پاک بھارت میچ کے درجہ حرارت سے بنگلادیش بھی گرم جوش رہتا ہے اس کی ایک مثال تب دیکھنے کو ملی جب پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

بنگلادیش میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس سب سے اہم میچ کو دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور جب پاکستان نے میچ جیتا تو شائقین خوشی سے جھوم اُٹھے۔

اس حوالے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پاکستانی بلے باز وننگ رن مکمل کرتے ہیں ناظرین خوشی سے پُرجوش نعرے لگاتے ہیں۔

یہ منظر پاکستان کا نہیں بلکہ بنگلادیش کا ہے اور بنگالی زبان میں پاکستان کے حق میں نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے جس پر پاکستان ہائی کمیشن نے بھی یہ ویڈیو شیئر کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔