پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک  منگل 26 اکتوبر 2021
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو:اے پی

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو:اے پی

شارجہ: پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے دی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بناسکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بناسکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1453050800142381057

محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نےذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چھکوں کی برسات کردی۔ شعیب ملک اور آصف علی 27،27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 17 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کا شکار بنے اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشام صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1453008828027518982

کپتان کین ولیمسن نے ڈیوڈ کونوے کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 25 رنز بنانے کے بعد حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر رن آؤٹ کردیا اور ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رؤف نے کیا۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1453024312349261824

حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے آخری 4 اوورز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیویز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ ٹم سفرٹ بھی 8 رنز ہی بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4،  شاہین آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔