پشاور میں بدبخت بیٹے باپ کے قاتل نکلے

بدبخت بیٹوں رویزخان اور لائق زمان نے حقائق چھپانے کے لیے باقاعدہ جنازے میں شركت بھی كی،پولیس


ویب ڈیسک November 03, 2021
بد بخت بیٹوں رویزخان اور لائق زمان نے حقائق چھپانے کے لیے باقاعدہ جنازے میں شركت بھی كی،پولیس۔(فوٹو: ایکسپریس)

پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے بیٹوں کو باپ کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوابی کے علاقے پرمولی میں پولیس نے سگے باپ کے قتل میں ملوث بد بخت بیٹوں کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز كے مطابق 10 اكتوبر كو مدعی مقدمہ اور مقتول کے بھائی راد علی سكنہ نارنجی نے رپورٹ درج كراتے ہوئے كہا كہ وہ اپنے گھر میں موجود تھا كہ اس دوران فائرنگ كی آواز سن كر فوراً جائے وقوعہ پر جاكر دیكھا تو میرابھائی افسر علی خون میں لت پت پڑاہواتھ، جسے نامعلوم ملزم/ ملزمان نے آتشیں اسلحے سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق بد بخت بیٹوں رویزخان اور لائق زمان نے دكھاوے كے لئے باقاعدہ جنازے میں شركت بھی كی، تا كہ حقیقت چھپا سكیں، تاہم بہترین تفتیس اور پیشہ ورانہ پولیسنگ كی بدولت اصل حقائق سامنے لائے گئے۔

ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے اس قتل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس كو ملزمان کی فوری گرفتاری اور قتل کے محرکات سامنے لانے کا ٹاسک سونپا۔ جس پر ڈی ایس پی رزڑ شفیع الرحمن كی قیادت میں ایس ایچ او پرمولی سبحان اللہ جدون بمعہ تفتیشی ٹیم نے مقتول كے بیٹے كو بھی شامل تفتیش كیا ۔دوران تفتیش سگے بیٹے نے اپنے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف جرم كرتے ہوئے سارے راز اگل دئیے كہ ہم دونوں بھائیوں رویز علی اور لائق زمان نے گھریلو جھگڑے پر اپنے والد کو فائرنگ كركے قتل كیا۔