برطانیہ نے کورونا کی پہلی اورل دوا کے استعمال کی منظوری دے دی

بذریعہ دہن استعمال کی جانے والی یہ دوا کورونا وائرس کو اپنی نقل تیار کرنے سے روکتے ہوئے اس کے پھیلاؤ کو کم کردیتی ہے


ویب ڈیسک November 04, 2021
بذریعہ دہن استعمال کی جانے والی یہ دوا وائرس کو اپنی نقل تیار کرنے سے روکتے ہوئے اس کے پھیلاؤ کو کم کردیتی ہے۔(فوٹو: انٹرنیٹ)

ISLAMABAD:

برطانوی محکمئہ صحت نے ادویہ ساز کمپنی مرک کی جانب سے تیار کردہ کووڈ-19 کے لیے بننے والی گولیوں کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔


برطانیہ کی میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پراڈکٹس ریگولیٹریایجنسی( ایم ایچ آر اے) کے مطابق دو ادویہ ساز اداروں رجبیک بایو تھیراپیوٹکس اور مرک کی جانب سے بننے والی یہ دوا کورنا وائرس کی روک تھام میں موثر ثابت ہوئی ہے۔ یہ دوا وائرس کو اپنی نقل تیار کرنے سے روکتے ہوئے اس کے پھیلاؤ کو کم کردیتی ہے، جس کی وجہ سے جسم میں وائرس کی سطح کم رہتی ہے اور مرض کی شدت کم ہوجاتی ہے۔


ایم ایچ آر اے کے مطابق برطانیہ اس دوا کو منظور کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ Molnupiravir کے نام سے بننے والی یہ اینٹی وائرل کورونا کے علاج میں بذریہ دہن استعمال ہونے والی دنیا کی پہلی دوا بن گئی ہے جس سے کورونا کی پیچیدگیوں میں کمی اور اسپتال میں داخل ہونے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ اور اسے اسپتال کے باہر بھی مریضوں پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔