حکومت اور ٹی ایل پی معاہدہ، رہائی پانے والے کارکنوں کی فہرست پر مشاورت

ویب ڈیسک  اتوار 7 نومبر 2021
حکومت نے معاہدے کے اہم نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، تحریک لبیک کے تعاون کے بھی مشکور ہیں، علی محمد خان (فوٹو : فائل)

حکومت نے معاہدے کے اہم نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، تحریک لبیک کے تعاون کے بھی مشکور ہیں، علی محمد خان (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: تحریک لبیک سے معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس علی محمد خان کے زیر صدارت وزارت پارلیمانی امور کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں رہائی پانے والے کارکنوں کی فہرست پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فورتھ شیڈول میں شامل قیادت اور کارکنوں کی فہرست پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ  حکومت کی جانب سے معاہدے کے اہم نکات پر مکمل عمل درآمد ہوچکا ہے، تحریک لبیک پاکستان کے تعاون کے بھی مشکور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب نے معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے اور اس حوالے سے حتمی رپورٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی۔

یہ پڑھیں : تحریک لبیک پر عائد پابندی ختم، کالعدم جماعتوں کی فہرست سے خارج

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیم کے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے ہیں، 2100 سے زائد گرفتار افراد کو رہا کردیا گیا ہے جب کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد ٹی ایل پی آزادانہ طور پر ہر قسم کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔