بین الاقومی فلائیٹ آپریشن بحال ہوتے ہی نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پررونقیں بحال

ویب ڈیسک  جمعرات 11 نومبر 2021
اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کی 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ آپریشن بحال ہوچکا ہے فوٹو: فائل

اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کی 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ آپریشن بحال ہوچکا ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: کورونا وبا میں کمی اور سفری پابندیوں پر نرمی کے بعد بین الاقومی فلائٹ آپریشن بحال ہوتے ہی نیو اسلام آباد انٹرنیشل ائیرپورٹ پر رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وبا میں کمی آتے ہی نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن مسافروں کی 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ بحال ہوتے ہی ایئرپورٹ پر رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، رات ڈیڑھ بجے سے لیکر صبع نو بجے تک کے پیک آورز کے دوران نیو اسلام آباد انٹرنیشل ائیرپورٹ سے 15 سے زائد بین الاقوامی پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔ پیک آورز میں ایئر پورٹ پر مسافروں کے شدید رش اور طویل قطاریں دکھائی دے رہی ہیں اور مسافر سیکیورٹی چیک و بریفنگ کا عمل مکمل ہونے سے قبل طویل قطاروں میں انتظار کی اذیت کا شکار ہیں، اسی طرح پروازوں کی آمد بھی جاری ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ بریفنگ ایریا میں داخل ہوتے ہی اے ایس ایف کے بیگیج و سیکیورٹی اسکریننگ کے عمل کو تیز کیے جانے کی اشد ضرورت ہے، اس حوالے سے ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث بین الاقوامی پروازیں انتہائی محدود تھیں اب صورتحال میں بہتری آنے اور دنیا بھر میں سفری پابندیاں نرم ہونے کے بعد اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کی 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ آپریشن بحال ہوچکا ہے جس کی وجہ سے پیک آورز میں رش ہے، بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کے لیے 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئرپورٹ آنے کے ایس او پیز ہیں لیکن مسافر تاخیر سے پہنچتے ہیں تو تب بھی ایسے ایشوز آتے ہیں حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اوقات کار کی پابندی یقینی بنائیں تاکہ انتظار کی پریشانی سے بچ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔