سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 300 روپے کا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 نومبر 2021
فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے بڑھ کر ایک ہزار 480 روپے ہوگئی فوٹو: فائل

فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے بڑھ کر ایک ہزار 480 روپے ہوگئی فوٹو: فائل

 کراچی: عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر ملک کی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 300 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 38 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار 863 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3 ہزار 300 روپے اور 2 ہزار 829 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان ، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 29 ہزار 100 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 459 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے بڑھ کر ایک ہزار 480 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 34.30 روپے بڑھ کر ایک ہزار 268 روپے ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔