واپس لینے اور ختم کرنے والے کیسزکی فہرست فراہم کی جائے، احتساب عدالت کا چیئرمین نیب کوخط

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 نومبر 2021
نئے قانون میں کوئی ابہام نہیں لہذا فہرست فراہم کی جائے، جج احتساب عدالت۔(فوٹو:فائل)

نئے قانون میں کوئی ابہام نہیں لہذا فہرست فراہم کی جائے، جج احتساب عدالت۔(فوٹو:فائل)

لاہور: جج احتساب عدالت نے چیئرمین نیب کو خط میں کہا ہے کہ جو کیسز واپس لینے یا ختم کرنے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جج احتساب عدالت محمد بشیر نے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھا ہے جس میں نیب ترمیمی آرڈیننسز کے بعد  کون سے زیر سماعت نیب ریفرنسز چلیں گے اس حوالے سے پوچھا گیا ہے۔

جج احتساب عدالت نے خط میں کہا ہے کہ جو کیسز واپس لینے یا ختم کرنے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے، ترمیمی آرڈیننس میں چئیرمین نیب کو کیس واپس لینے کا اختیار دیا گیا ہے، نئے قانون میں کوئی ابہام نہیں لہذا فہرست فراہم کی جائے۔

جج احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزمان ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستیں دائرکر رہے ہیں، مناسب ہو گا کہ جو کیس واپس لینے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے، واپس لینے والے کیسز کی فہرست ملنے سے عدالتی وقت بچے گا، فہرست مہیا کی جائے تاکہ کیسز کو وقت دے سکیں اور قانون کے مطابق جاری رہنے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔