ایف بی آرنے اعلیٰ اختیاراتی تحقیقاتی کمیشن بنانے کافیصلہ کرلیا

چیئرمین ریونیو بورڈ کے اسپیشل اسسٹنٹ سربراہ،ہائی پروفائل ٹیکس چوری کیسز دیکھے گا


Irshad Ansari February 07, 2014
رواں ماہ ورکنگ پیپرکی تیاری شروع،2ماہ میں مسودے کو حتمی شکل دیدی جائیگی،ذرائع ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے خصوصی تحقیقاتی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ تحقیقاتی یونٹ چیئرمین ایف بی آر کے اسپیشل اسسٹنٹ ڈاکٹر محمد اقبال کی سربراہی میں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں قائم کیا جائے گا جو ملک بھر میں ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ و جعلی ریفنڈز سے متعلق ہائی پروفائل کیسوں کی تحقیقات کرے گا یا ایسے کیس جن کی تحقیقات کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے سوالات اٹھائے جائیں گے ان کے بارے میں تحقیقات بھی کرنے کا اسے اختیار ہوگا۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق اعلی اختیاراتی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے لیے رواں ماہ ورکنگ پیپر کی تیاری کا کام شروع ہو گا۔



کمیشن کے قیام کے لیے غیر ملکی ادارے جی آئی زیڈ کے تعاون سے اسٹڈی بھی کرائی جائے گی جس کے تحت مختلف ممالک میں ہائی پروفائل کیسوں کی تحقیقات کے لیے قائم اس قسم کے کمیشن کے ماڈلز کا جائزہ لے گا۔ اس بارے میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کمیشن بنانے کے لیے ڈرافٹ کی تیاری رواں ماہ شروع ہوگی، توقع ہے کہ 2ماہ میں مسودے کو حتمی شکل دے دی جائے گی اور ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل سے اس کی منظوری لی جائے گی جس کے بعد یہ مسودہ وزارت خزانہ کو بھجوایاجائے گا۔