پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کی سروسز بحال کردیں

ویب ڈیسک  جمعـء 19 نومبر 2021
ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے غیر اخلاقی مواد کو کنٹرول کرنے کی یقین دہانی پر سروسز بحال کی گئی، پی ٹی اے - فوٹو:فائل

ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے غیر اخلاقی مواد کو کنٹرول کرنے کی یقین دہانی پر سروسز بحال کی گئی، پی ٹی اے - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے معروف ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی سروسز کو بحال کردیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے غیر اخلاقی مواد کنٹرول کرنے کی یقین دہانی پر کیا گیا ہے، ٹک ٹاک پلیٹ فارم کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل 21 جولائی 2021 کو پی ٹی اے نے ملک بھر میں چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل رواں سال 11 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی تاہم چند روز بعد ہی ایپلی کیشن حکام کی جانب سے نامناسب ویڈیوز ہٹانے کی یقین دہانی کے بعد ایپلیکیشن بحال کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔