ایف بی آر رواں ماہ 29 فیصد زائد وصولیوں کے لئے پرعزم

ماہانہ ہدف180.8ارب روپے رکھ دیا،41.2فیصد زائد انکم ٹیکس ملنے کی امید


Irshad Ansari February 08, 2014
ماہانہ ہدف180.8ارب روپے رکھ دیا،41.2فیصد زائد انکم ٹیکس ملنے کی امید. فوٹو: فائل

KARACHI: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں ماہ کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 180.8ارب روپے مقرر کردیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں140.2ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں سے 29 فیصد زیادہ ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق جنوری تا مارچ کی سہ ماہی کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 583.9 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، فروری کے لیے مقررہ 180.8ارب روپے کے ہدف میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مد میں وصولیوں کا ہدف68.8ارب روپے کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں48.7ارب روپے کی وصولیوں سے 41.2 فیصد زیادہ ہیں، ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کا ہدف22.7 فیصد بڑھ کر 79.9ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔



گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 65.1 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی تھیں، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 13.4 ارب روپے ہوگا جو گزشتہ مالی سال میں9.9ارب روپے کی وصولیوں سے 35.3 فیصد زیادہ ہے، کسٹمز ڈیوٹی کا ماہانہ ہدف 13.9 فیصد کے اضافے سے 18.8 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں16.5 ارب روپے کی کسٹم ڈیوٹی وصول پائی تھی۔