این سی او سی کا ویکسینیشن کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 1 دسمبر 2021
ویکسینیشن ٹیموں کو عوامی مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ موقع پر موجود افراد کو ویکسین لگائی جاسکے، این سی او سی. فوٹوفائل

ویکسینیشن ٹیموں کو عوامی مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ موقع پر موجود افراد کو ویکسین لگائی جاسکے، این سی او سی. فوٹوفائل

 اسلام آباد: این سی او سی نے ویکسینیشن کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ویکسینیشن ٹیموں کو مختلف عوامی مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ موقع پر موجود افراد کو ویکسین لگائی جا سکے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، اور صوبائی وزراء صحت اور چیف سیکرٹریز نے ورچوئل شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، قومی ویکسین کی حکمت عملی اور ملک بھر میں بیماری کے پھیلاوٴ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، فورم کو کوویڈ کے مثبت کیسز کی شرح، بیماری کے پھیلاوٴ، اموات کی تعداد اور نئے داخلوں کے بارے میں بتایا گیا، فورم نے شہروں کے لحاظ سے کوویڈ ویکسینیشن کے مجموعی پراسز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

این سی او سی کے مطابق فورم نے تین کیٹیگریز کے لیے بوسٹر ڈوز ایڈمنسٹریشن کی منظوری دے دی، ان کیٹیگریز میں ہیلتھ کیئر ورکرز، 50 سال سے اوپر اور امیونو کمپرو مائزڈ شامل ہیں، یہ خوراک مفت ہوگی اور اسے ویکسین کی آخری خوراک کے 6 ماہ بعد دیا جا سکتا ہے۔

فورم کا ویکسینیشن کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا، ویکسی نیشن ٹیموں کو مختلف عوامی مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ موقع پر موجود افراد کو ویکسین لگائی جا سکے، آج یکم دسمبر سے خصوصی مہم چلائی جائے گی، فورم نے صوبوں اور متعلقہ حکام کو ویکسینیشن کے حوالے سے زیرو ٹالرینس کی پالیسی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام صوبے ویکسینیشن کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری طور پر ویکسینیشن آوٴٹ ریچ مہم شروع کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی نمائندوں نے کورونا وائرس کی نئی قسم پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، اور ویکسینیشن کی صورتحال اور تارکین وطن کی جانچ کے لیے ہوائی اڈوں پر ضروری اقدامات کرنے کی تجویز دی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ جنہیں دوسری خوراک نہیں ملی ہے ان لوگوں تک پہنچنے کے لیے کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ملک بھر میں کل 40 کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ویکسین کی دوسری خوراک کو یقینی بنانے کے لیے ان نمبروں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔