کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد ہلاک

اورنگی میں فائرنگ سے32سالہ رضی اور پاک فضائیہ کا ملازم اصغر،کلاکوٹ جھٹ پٹ مارکیٹ میں30سالہ نامعلوم شخص ماراگیا


Staff Reporter February 09, 2014
موچکومیں پانی کے ٹینک سے خاتون کی لاش ملی،فائرنگ کازخمی چل بسا،سیاسی جماعت کے عہدیداروں کے گھروں پردستی بم حملے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

KARACHI: کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت 5افرادہلاک ہوگئے جبکہ سیاسی جماعت کے عہدیداروں کے گھروں پر دستی بموں سے حملے بھی کیے گئے۔

اورنگی ٹاؤن نمبر10گلی نمبر 6 طاہری مسجدکے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ رضی محمدہلاک ہوگیاجس کی لاش عباسی شہیداسپتال لائی گئی، مقتول کاآبائی تعلق آزادکشمیرسے تھا،جوباوانی چارلی کے قریب موزے بنانے والی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ کلاکوٹ جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ موچکو گلشن مزدورکے خالی پلاٹ پربنے ہوئے پانی کے زیر زمین ٹینک سے 30 سالہ نامعلوم خاتون کی مسخ شدہ لاش ملی،مقتولہ کو نامعلوم ملزمان نے سر اور ٹانگ پر گولی مار کر قتل کیا اورلاش ٹینک میں پھینک کر فرارہوگئے ،لاش روز پرانی ہے اور پانی میں پڑے رہنے کی وجہ سے مسخ ہوگئی جس کے باعث اس کی شناخت نہیں ہو سکی ،خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی تصدیق میڈیکل رپورٹ آنے کے بعدہی ہو سکے گی۔

نارتھ کراچی پیلااسکول کے قریب پکوان سینٹروالی گلی میں جمعے کی شب فائرنگ سے زخمی ہونے والازاہد لہری عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا،مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا۔بغدادی کے علاقے نواب الیون فٹبال کلب والی گلی میں فائرنگ سے22سالہ سہیل،کملیہ اسٹاپ کے قریب 10 سالہ اسد جبکہ چاکیواڑ ہ گل محمد لین میں فائرنگ سے 25 سالہ حسنین زخمی ہوگیا۔ دریں اثنالیمارکیٹ رحمانیہ چوک کے قریب سے جمعے کی شب ملنے والی خاتون کی تشددزدہ لاش کی شناخت 28 سالہ پروین دختر پرویز احمد سومرو کے نام سے کر لی گئی،مقتولہ لی مارکیٹ مکان نمبر16عبدالہی قادری محمد یوسف ہارون روڈ کی رہائشی تھی۔مقتولہ کوفائرنگ کر کے ہلاک کیاگیا،مقتولہ کے والدپرویزسومرونجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈہیں اورسول اسپتال میں سیکیورٹی پرمامورہیں۔

 photo 5_zps796beffd.jpg

انھوں نے بتایاکہ مقتولہ نے2سال قبل گھر والوں کی اجازت کے بغیرچھپ کرلیاری گینگ وارکے کارندے ساجدبلوچ سے شادی کرلی تھی جس سے مقتولہ کا5ماہ ایک بیٹابھی ہے،چندماہ قبل مقتولہ پروین اور شوہر ساجد بلوچ کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور پروین اپنے شوہرکی دھمکیوں کے باعث گھرچھوڑکرکہیں چھپ گئی تھی اور جمعے کو اپنی پڑوسن کے ہمراہ کیماڑی جارہی تھی کہ دوران سفر اسے کسی کا فون آیا اور وہ بس سے اتر گئی جس کے بعد پروین کی لاش مل گئی،پولیس کو شبہ ہے کہ پروین کے قتل میں مبینہ طور پر اس کا شوہر ساجد بلوچ ملوث ہے۔شیرشاہ کے علاقے جناح روڈبلاک C میں رہائش پذیرپختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداررضا خان جدون کے گھر پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرارہوگئے جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکادیسی ساختہ کریکر سے کیا گیاجس کے نتیجے میں گھرکے مرکزی گیٹ کوجزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قصبہ کالونی واٹرہائیڈرنٹس کے قریب رہائش پذیرعوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار رحیم سواتی کے گھر پر نامعلوم ملزمان بال بم پھینک کر فرارہوگئے جوخوش قسمتی سے پھٹ نہیں سکا،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا،بال بم میں تقریباً 500 گرام دیسی ساختہ دھماکاخیز موادبھراہوا تھا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اورنگی ٹائون مومن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ اصغر خان ہلاک ہوگیا، مقتول پاک فضائیہ کاسویلین ملازم جبکہ اس کا آبائی تعلق پشاور سے ہے۔قائد آباد کے علاقے شیر پائو کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ سعیدزخمی ہوگیا۔