ورلڈ کپ 2022؛ ٹی 20 کی نئی عالمی جنگ کیلیے ماحول بننے لگا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 7 دسمبر 2021
آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ2022کا شیڈول21 جنوری کو جاری ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ2022کا شیڈول21 جنوری کو جاری ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی:  ٹی 20کی نئی عالمی جنگ کیلیے ماحول بننے لگا جب کہ آئندہ ماہ ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول  21 جنوری کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، مجموعی طور پر 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا کے 7 وینیوز پر 45 میچز کھیلے جائیں گے، ان میں ایڈیلیڈ، برسبین، جیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی شامل ہیں۔ آسٹریلیا اپنے ہوم گراؤنڈز پر ٹائٹل کا دفاع کریگا جو اس نے دبئی میں کھیلے گئے رواں برس کے ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کو قابو کرکے جیتا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اب صرف 11 ماہ کی دوری پر ہے، شائقین جلد ہی میگا ایونٹ کیلیے اپنا پروگرام تیار کرسکتے ہیں۔ مکمل شیڈول 21 جنوری کو جاری کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی شائقین فیصلہ کریں گے کہ انھیں کون سے میچز دیکھنے ہیں، وہ اسی کے لحاظ سے اپنا سفری پروگرام بھی ترتیب دیں گے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت 7 فروری سے شروع ہوگی۔

ورلڈ کپ 2022 کا فائنل مصنوعی روشنیوں میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز کی میزبانی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو کریں گے۔

یاد رہے کہ میزبان آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلہ دیش بھارت، افغانستان اور جنوبی افریقہ اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی براہ راست سپر 12 راؤنڈ میں انٹری پا چکے ہیں، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راؤنڈ 1 کھیلیں گے، دیگر 4 ٹیموں کا انتخاب 2 کوالیفائنگ ایونٹس کے ذریعے کیا جائے گا،پہلا فروری میں عمان اور دوسرا جولائی میں زمبابوے میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔