کراچی میں جعلی پولیس مقابلہ،سابق ایس ایچ اوبھی مقدمے میں نامزد

اسٹاف رپورٹر  منگل 7 دسمبر 2021
والد اور مکینوں کی بڑی تعداد عباسی اسپتال پہنچ گئی، جعلی مقابلے کے خلاف شدید احتجاج ۔ فوٹو : فائل

والد اور مکینوں کی بڑی تعداد عباسی اسپتال پہنچ گئی، جعلی مقابلے کے خلاف شدید احتجاج ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں جعلی پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

جعلی مقابلے کا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں سابق ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن اعظم گوپانگ، گرفتارپولیس اہلکار توحید اوراس کے دوست کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشتگردی اوردیگردفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ مقتول کے چچا بادشاہ خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

اورنگی ٹاؤن تھانے کے قریب جعلی پولیس مقابلے میں انٹر کا طالبعلم اور ٹرانسپورٹرکا بیٹا ارسلان جاں بحق ہوگیا تھا۔

کراچی میں اورنگی ٹاؤن تھانے کے قریب پیر کی شب پولیس مقابلے کے حوالے سے ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری  اعلامیہ کے مطابق  ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے مارے جانے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور 5 گولیاں برآمد کیں، بعدازاں عباسی شہید اسپتال میں پولیس کے جعلی مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد حاجی لیاقت اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد عباسی شہید اسپتال پہنچ گئی اور پولیس کے جعلی مقابلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انھوں نے بتایا کہ بتایا کہ میرا بیٹا ارسلان انٹر کا طالبعلم تھا جو اپنے دوست کے ہمراہ کوچنگ سینٹر آیا تھا لیکن اورنگی پونے پانچ تھانے کے اعظم ایس ایچ او نے اسے جعلی مقابلے میں مارا دیا۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق بھی وزیرستان سے ہے اور خون کا بدلہ خون ہے ، ، مقتول کا والد حاجی لیاقت ڈمپر ایسوسی ایشن کا عہدیدار بتایا جاتا ہے جبکہ پولیس مقابلے کے بعد ایس ایچ او اعظم گوپانگ اتنی بوکھلاہٹ کا شکار تھے کہ انھیں کئی بار اس حوالے سے فون کیا لیکن انھوں نے ریسیو کرنے سے گریز کیا۔

جعلی پولیس مقابلے کی اطلاع پر ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے،کمیٹی 24 گھنٹے میں واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات مرتب کر کے رپورٹ پیش کریگی جبکہ ایک پولیس اہلکار توحید کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔