بلدیاتی انتخابات؛ الیکشن کمیشن کے روکنے کے باوجود وزیراعظم کا پشاور کا دورہ

ویب ڈیسک  بدھ 8 دسمبر 2021
نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کرنا انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن ۔ فوٹو : فائل

نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کرنا انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی کے باوجود وزیراعظم ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے پشاور پہنچ گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اخبارات کے ذریعے معلوم ہوا ہے وزیراعظم نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کررہے ہیں، نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کرنا انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختون خوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں پشاور میں بھی بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کیا جارہا ہے، انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد وزیراعظم کا متعلقہ مقام کادورہ کرناضابطہ اخلاق کی خلاف وزری تصور ہوگا کیوں کہ صدرمملکت، وزیراعظم اور گورنرز انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی ڈویلپمنٹ اسکیم کے لئے متعلقہ حلقے کادورہ نہیں کرسکتے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے اورالیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ کے سیکشن 233 اور 234 کے تحت کارروائی کرسکتاہے۔الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو یاد دہانی نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے دورہ پشاور پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے حوالے سے خیبرپختون خوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ پشاور خالصتاً سرکاری نوعیت کا ہے، وہ دورہ پشاور میں کسی انتخابی یا عوامی اجتماع میں شرکت نہیں کر رہے، یہ روزمره امور مملکت کا حصہ ہے جس پر کوئی پابندی نہیں، وزیراعظم عمران خان کا فلاحی پروگرام پورے پاکستان کے غریب عوام کے لئے ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جس کا دلی احترام کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔