خاتون اور بچے سمیت 4 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک نوجوان زخمی

4-K چورنگی کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار معمر شخص کو اور لیاری ایکسپریس وے پر ٹیکسی نے بچے کو ٹکر مار دی


Staff Reporter February 10, 2014
ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نوجوان کو زخمی کرنے والے ڈمپر کو مشتعل افراد نے آگ لگا دی،رنچھوڑ لائن میں خاتون ہلاک۔ فوٹو: فائل

شہر میں ٹریفک حادثات و واقعات میں خاتون اور بچے سمیت4 افراد جاں بحق ہو گئے، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس پر مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی 4-K چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار معمر شخص کو کچل دیا، موٹر سائیکل سوار معمر شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفی کی شناخت55 سالہ خالد خان ولد نواب خان کے نام سے کر لی گئی، متوفی سر جانی ٹائون کا رہائشی تھا، پولیس نے ڈمپر کے ڈرائیور شربت خان کو گرفتار کرکے ڈمپر تحویل میں لے لیا ہے، شیر شاہ تھانے کی حدود لیاری ایکسپریس وے بند پر تیز رفتار ٹیکسی نے سڑک عبور کرتے ہوئے بچے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، اس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئی، بچے کی شناخت 9 سالہ عبداﷲ ولد مولوی فضل اظہر کے نام سے کی گئی، متوفی بچہ محمدی روڈ گلی نمبر41 شیر شاہ کا رہائشی تھا، پولیس نے ٹیکسی ڈرائیو ناصر خان ولد رحمت کو گرفتار کر کے ٹیکسی تحویل میں لے لی۔

 photo 3_zps5ebeacbf.jpg

گارڈن تھانے کی حدود میں رنچھوڑ لائن ندیم مینشن کے قریب35 سالہ خاتون کنول زوجہ خرم پراسرار طور پر ہلاک ہو گئی جس کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی، ورثا بغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے، سپر مارکیٹ تھانے کی حدود لیاقت آباد 4 میں واقع فرقانیہ مسجد کے قریب 70سالہ جعفری نامی شخص اچانک زمین پر گر کر ہلاک ہو گیا، لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص فرقانیہ مسجد کے قریب چبوترے پر بیٹھا تھا کہ اچانک زمین پر گر گیا اور جاں بحق ہو گیا، سچل تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ پر تیز رفتار ڈمپر ٹی کے این 516 نے موٹر سائیکل سوار سوار 21 سالہ نوجوان اطہر رضا عرف احتشام کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، زخمی نوجوان کو فوری طور پر گلشن اقبال بلاک 4 میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، زخمی عباس ٹائون کا رہائشی ہے، جائے وقوع پر موجود مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، اطلاع ملنے پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا اور ڈمپر کو مکمل جلنے سے بچا لیا گیا، پولیس کے مطابق ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔