سیریز ملتوی کرواکر کورونا کیریبئنز کا پیچھا چھوڑنے لگا

زبیر نذیر خان  پير 20 دسمبر 2021
شائی ہوپ، عقیل حسین، جسٹن گریوز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے من سنگھ ابھی بھی کراچی میں آئسولیٹ۔ فوٹو: پی سی بی

شائی ہوپ، عقیل حسین، جسٹن گریوز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے من سنگھ ابھی بھی کراچی میں آئسولیٹ۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: سیریز ملتوی کروا کر کورونا کیریبیئنز کا پیچھا چھوڑنے لگا جب کہ  قرنطینہ مدت مکمل ہونے پر ویسٹ انڈین اسکواڈ کے 4 ارکان کراچی سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

کورونا کا شکار ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے چار ارکان سے وطن  روانہ ہوگئے،  کراچی سے دبئی کے راستے روانہ ہونے والوں تین کھلاڑی  شیلڈن کوٹریل، کائل مائرز  اور روسٹن چیز کے علاوہ میڈیا منیجر ڈاریو شامل ہیں،ان کی روانگی کوویڈ19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے پر عمل میں آئی۔

واضح رہے کہ  مہمان اسکواڈ  کے9ارکان کو کوویڈ19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا تھا جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی شیڈول ون ڈے سیریز ملتوی ہونے پر30 رکنی اسکواڈ کے 21ارکان پہلے واپس وطن لوٹ چکے، کورونا کا شکار 9ارکان کو مقامی ہوٹل میں دس یوم کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

یہ امرقابل ذکر ہے کہ ویسٹ  انڈیز کا 26 رکنی اسکواڈ دورہ پاکستان پر 9 دسمبر کو کراچی پہنچا تھا جبکہ چار ارکان ایک روز قبل ہی پاکستانی ٹیم کے ہمراہ دبئی سے کراچی پہنچ گئے تھے، آمد کے بعد ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں شیلڈن کوٹریل، روسٹن چیس اور کائل مائرز کے ساتھ میڈیا منیجر ڈاریو کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔

بعدازاں 16 دسمبر کو مزید تین کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے 2 ارکان کے کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت نکلے، ان میں  شائی ہوپ، عقیل حسین، جسٹن گریوز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے من سنگھ شامل ہیں، اول الذکر تین ارکان کا قرنطینیہ  اتوار کو قرنطینہ مکمل ہوا جبکہ آخری الذکر 6 ارکان کو26 دسمبر تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کراچی میں ٹور کے آغاز پر کھیلے گئے تینوں ٹی 20 میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلین سوئپ کیا تھا، اس سیریز کے بہترین کھلاڑی محمد رضوان قرار پائے تھے جبکہ پہلے 2 میچز میں ناکام رہنے والے بابر اعظم نے تیسرے ٹی 20 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رضوان کی ساتھ ٹیم کو 150 پلس کی بنیاد فراہم کی تھی۔

رواں برس رضوان اور بابر کا بیٹ ٹی 20 فارمیٹ میں خوب متحرک رہا، جس کی وجہ سے انھیں اس فارمیٹ میں رواں برس جوڑی نمبر ون قرار دیا گیا۔

تیسرے ٹی 20 میچ سے قبل مزید ویسٹ انڈین اسکواڈ  ممبران کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے یہ خدشہ تھا کہ شاید تیسرا میچ ہی نہ ہوسکے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کسی نہ کسی طرح مہمان سائیڈ کو مختصر فارمیٹ کی سیریز مکمل کرنے کو کہا تاہم ون ڈے سیریز نہ کھیلی جاسکی، اس طرح ادھوری سیریز کے بعد کیریبیئن کھلاڑی ٹکڑیوں  میں وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔