آئی بی ایم اور سام سنگ نے ’کثیرالمنزلہ‘ مائیکروپروسیسر بنا لیے

نئے مائیکروپروسیسرز میں انسانی ناخن جتنے رقبے پر 50 ارب ٹرانسسٹرز سمو دیئے گئے ہیں


ویب ڈیسک December 20, 2021
نئے کثیرالمنزلہ مائیکروپروسیسرز میں انسانی ناخن جتنے رقبے پر 50 ارب ٹرانسسٹرز سمو دیئے گئے ہیں۔ (تصاویر: آئی بی ایم)

امریکا کی آئی بی ایم اور جنوبی کوریا کی سام سنگ نے مشترکہ اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایسے 'کثیرالمنزلہ' مائیکروپروسیسر ڈیزائن کرلیے ہیں جن میں انسانی ناخن جتنی جگہ پر 50 ارب ٹرانسسٹرز سمودیئے گئے ہیں۔

مائیکروپروسیسرز کی دنیا میں یہ جدید ترین ٹیکنالوجی ہے جس میں تین اہم خصوصیات ایسی ہیں جو آج تک کسی مائیکروچپ میں موجود نہیں:

پہلی یہ کہ اس کے ذریعے صرف 2 نینومیٹر (یعنی ایک میٹر کے پچاس کروڑویں حصے) جتنے چوڑے ٹرانسسٹرز بنائے جاسکتے ہیں۔ یعنی ان ٹرانسسٹرز کی چوڑائی، ڈی این اے کی لڑی سے بھی کم ہوتی ہے۔

اس وقت مارکیٹ میں جتنے بھی مائیکروپروسیسرز دستیاب ہیں، ان سب میں ٹرانسسٹرز کی چوڑائی 7 نینومیٹر ہوتی ہے۔

2 نینومیٹر چوڑائی کے باعث، نئے مائیکروپروسیسرز میں انسانی ناخن جتنے رقبے پر 50 ارب ٹرانسسٹرز والے سرکٹس بنانے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔

دوسری اہم خاصیت یہ ہے کہ روایتی مائیکروپروسیسرز کے مقابلے میں یہ نئے مائیکروچپس صرف 25 فیصد بجلی استعمال کرتے ہیں۔

یعنی اگر انہیں اسمارٹ فونز میں استعمال کیا جائے تو وہ صرف ایک مرتبہ چارج کرنے پر پورے ہفتے تک کام کرتے رہیں گے۔

نئے مائیکروچپس کی تیسری سب سے اہم خاصیت ان کا 'کثیرالمنزلہ' ہونا ہے۔ مطلب یہ کہ ان میں ٹرانسسٹرز کو اس طرح سے اوپر تلے جمایا گیا ہے کہ پروسیسر میں بجلی کا بہاؤ دائیں بائیں اور آگے پیچھے کے علاوہ اوپر اور نیچے کی طرف بھی ہوتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی پر پچھلے بیس سال سے کام ہورہا تھا اور اب کہیں جا کر کوئی اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اپنی اسی خاصیت کی بناء پر اسے ''ورٹیکل ٹرانسپورٹ فیلڈ ایفیکٹ ٹرانسسٹرز'' (VTFET) کا نام دیا گیا ہے جبکہ مائیکروپرسیسر کی رفتار بڑھانے اور بجلی کا خرچ کم کرنے میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔

آئی بی ایم نے 'وی ٹی ایف ای ٹی' آرکٹیکچر استعمال کرتے ہوئے آزمائشی مائیکروچپس بھی بنالیے ہیں اور اس بارے میں ایک ویڈیو بھی یوٹیوب پر اپ لوڈ کی ہے:

[ytembed videoid="OF3Zwfu6Ngc"]

ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف کمپیوٹر اور اسمارٹ فونز ہی نہیں بلکہ طبّی آلات اور انٹرنیٹ آف تھنگس (IoT) سمیت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا انقلاب آجائے گا۔

فی الحال وی ٹی ایف ای ٹی مائیکروچپس کو فروخت کےلیے پیش کرنے کی تاریخ اور ان کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم امید ہے کہ اس بارے میں بھی جلد ہی معلومات منظرِ عام پر آجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔