کورونا کا شکار ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے آخری 6 ارکان بھی وطن واپس روانہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 26 دسمبر 2021
ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے 9 ارکان کو کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا تھا (فوٹو : فائل)

ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے 9 ارکان کو کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا تھا (فوٹو : فائل)

 کراچی: کورونا کا شکار ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے آخری 6 ارکان بھی اتوار کو واپس وطن روانہ ہوگئے، کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے پر ان کی روانگی ممکن ہوئی۔

روانہ ہونے والوں میں ون ڈے کپتان شائی ہوپ، عقیل حسین، جسٹن گریوز کے ساتھ اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے من سنگھ بھی شامل تھے۔ قبل ازیں کورونا کا شکار چار ارکان 20 دسمبر کو وطن روآنہ ہوئے تھے۔ ان میں کائل مائرز، شیلڈن کوٹریل، روسٹن چیز اورمیڈیا منیجر ڈاریو شامل تھے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اسکواڈ کے 9 ارکان کو کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا تھا، ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ون ڈے سیریز موخر ہونے پر ویسٹ انڈیز کے 30 رکنی اسکواڈ کے 21 ارکان پہلے واپس وطن لوٹ چکے تھے۔ کورونا کا شکار 9 ارکان کو مقامی ہوٹل میں قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کا 26 رکنی اسکواڈ دورہ پاکستان پر 9 دسمبر کو کراچی پہنچا تھا جبکہ چار ارکان ایک روز قبل ہی پاکستانی ٹیم کے ہمراہ آگئے تھے۔ آمد کے بعد ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں شیلڈن کوٹریل، روسٹن چیز اور کائل مائرز کے ساتھ میڈیا منیجر ڈاریو کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔

16 دسمبر کو مزید تین کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے 2 ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت نکلے تھے۔ ان میں شائی ہوپ، عقیل حسین، جسٹن گریوز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے من سنگھ شامل تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔