مکئی سے بنائی گئی اِن تھیلیوں میں پھل اور سبزیاں کئی دن محفوظ رہتے ہیں

ان میں لپیٹی گئی غذا کسی خصوصی انتظام کے بغیر ہی کئی دنوں تک قابلِ استعمال حالت میں رہتی ہے


ویب ڈیسک December 31, 2021
ان میں لپیٹی گئی غذا کسی خصوصی انتظام کے بغیر ہی کئی دنوں تک قابلِ استعمال حالت میں رہتی ہے۔ (فوٹو: این ٹی یو)

ہارورڈ یونیورسٹی امریکا اور نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (این ٹی یو) سنگاپور کے ماہرین نے مکئی کی باقیات سے شفاف، پائیدار اور ماحول دوست تھیلیاں تیار کرلی ہیں جن میں رکھے گئے پھل اور سبزیاں ایک ہفتے تک محفوظ رہتے ہیں۔

پلاسٹک جیسی دکھائی دینے والی یہ تھیلیاں اضافی طور حیاتی تنزل پذیر (بایو ڈیگریڈیبل) بھی ہیں یعنی استعمال کے کچھ عرصے بعد یہ خودبخود بے ضرر مادّوں میں تحلیل ہوجاتی ہیں اور اس طرح ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بھی نہیں بنتیں۔

انہیں 'الیکٹرو اسپننگ' کہلانے والے ایک طریقے کی مدد سے بنایا گیا ہے جبکہ ان تھیلیوں کی تیاری میں مکئی سے ایتھنول بنانے کے بعد بچ رہنے والے مادّے 'زِین' (zein) کے علاوہ نشاستہ، سیلولوز اور دوسرے قدرتی پولیمرز پر مشتمل ریشے (فائبرز) استعمال کیے گئے ہیں۔

ابتدائی تجربات کے دوران جب ان تھیلیوں میں تازہ اسٹرابیریز لپیٹی گئیں تو وہ ایک ہفتے تک کھانے کے قابل رہیں جس کے بعد ان میں پھپھوندی لگنا شروع ہوئی۔

یہ تھیلیاں اضافی طور پر جراثیم کش بھی ہیں، یعنی جب ان میں لپیٹی گئی سبزیوں اور پھلوں سے گلنے سڑنے کا باعث بننے والے جراثیم خارج ہوتے ہیں تو جواب میں یہ تھیلیاں ان جراثیم کو ختم کرنے والے مادّے خارج کرنے لگتی ہیں۔

اس طرح ان میں محفوظ کی گئی غذا کسی خصوصی انتظام کے بغیر ہی کئی دنوں تک اچھی اور قابلِ استعمال حالت میں رہتی ہے۔

''اس طرح ہم غذائی اشیاء کی پیکنگ کرنے کےلیے پائیدار اور ماحول دوست ٹیکنالوجی بھی وضع کرسکتے ہیں جو پھپھوندی اور جراثیم کو (محفوظ کردہ چیزوں) سے دور رکھے گی اور غذائی صنعت کےلیے انتہائی مفید ثابت ہوگی،'' نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی پروفیسر میری چین نے کہا جو اس تحقیق کی مرکزی سائنسدان بھی ہیں۔

نوٹ: یہ تفصیلات ''اے سی ایس اپلائیڈ مٹیریلز اینڈ انٹرفیسز'' کے ایک حالیہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں