سلمان اور کترینہ کی فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شوٹنگ چوتھی بار متاثر

فلم کی شوٹنگ کے لیے 15 روزہ شیڈول بعد میں نئے سرے سے ترتیب دیا جائے گا


ویب ڈیسک January 07, 2022
فلم کی شوٹنگ کے لیے 15 روزہ شیڈول بعد میں نئے سرے سے ترتیب دیا جائے گا - فوٹو:فائل

کورونا وبا کی نئی قسم اومیکرون کی وجہ سے سلمان خان اور کترینہ کیف کی نئی آنے والی فلم 'ٹائیگر 3' کی شوٹنگ چوتھی بار متاثر ہوگئی۔

'بالی وڈ ہنگامہ' کی رپورٹ کے مطابق فلم انڈسٹری کی مشہور جوڑی سلمان خان اور کترینہ کیف لمبے عرصے بعد دوبارہ اسکرین پر ایک ساتھ آنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ان کی نئی آنے والی فلم 'ٹائیگر 3' کی شوٹنگ رواں ماہ نئی دہلی میں طے تھی جو اب اومیکرون کے پھیلاؤ کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔

معروف پروڈکشن کمپنی 'یش راج فلمز' نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فلم کی انتہائی اہم شوٹنگ نئی دہلی میں شیڈول تھی لیکن اومیکرون کے باعث اسے منسوخ کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ 'ٹائیگر 3' کی شوٹنگ چوتھی بار منسوخی کا شکار ہوئی ہے۔

اس سے قبل مارچ 2021ء میں کورونا وائرس کی وجہ سے متحدہ عرب امارت میں شیڈول شوٹنگ کو منسوخ کیا گیا تھا۔

اس کے بعد ممبئی شہر میں شدید بارشوں کی وجہ سے بھی فلم کی شوٹنگ متاثر ہوئی۔ شوٹنگ کے دوران بارش نے سیٹ مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا جس سے بھاری مالی نقصان ہوا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری نے بھی فلم کی شوٹنگ کو متاثر کیا۔ آریان خان کے گرفتار ہونے پر سلمان خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی خاطر شوٹنگ کچھ روز کے لیے ملتوی کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ وقت فلم کی کہیں بھی شوٹنگ کے لیے سازگار نہیں، اومیکرون ایک حقیقت ہے اور یہ عقلمندی ہوگی کہ فلمساز اس حساس وقت میں محتاط رہیں۔

'ٹائیگر 3' کے 15 روزہ شیڈول کو بعد میں نئے سرے سے ترتیب دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں