ٹک ٹاک نے دیگر ایپس پرموجود دوستوں کو ویڈیو دعوت نامے بھیجنے پر کام شروع کردیا

ویب ڈیسک  منگل 11 جنوری 2022
ٹک ٹاک نے تھرڈ پارٹی ایپس سے آپ کی ویڈیو شیئر کرنے کے آپشن پر تجرباتی آزمائش شروع کردی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا ٹوڈے

ٹک ٹاک نے تھرڈ پارٹی ایپس سے آپ کی ویڈیو شیئر کرنے کے آپشن پر تجرباتی آزمائش شروع کردی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا ٹوڈے

بیجنگ: 2021 ٹک ٹاک کا سال تھا جہاں اس ایپ نے اپنی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اب ایک نئے آپشن کی آزمائش شروع کردی گئی ہے جس کی بدولت آپ اپنے ایسے دوستوں سے رابطہ کرکے انہیں ٹک ٹاک ویڈیو دیکھنے کی دعوت دے سکتے ہیں جو دیگر ایپس پر موجود ہے۔

ٹک ٹاک تجزیہ نگاروں کے مطابق بعض ٹک ٹاک صارفین کی ایپ پر یہ فیچر کھلا ہے۔ اس میں وہ تھرڈپارٹی سافٹ ویئر اور ایپس استعمال کرنے والے دوستوں سے اپنی ویڈیو شیئر کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد وہ خودکار انداز میں آپ کے فالوور بن جاتے ہیں۔ اس سے ویڈیو اور فالوورز دونوں کو بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ٹک ٹاک کے مطابق اگر آپ کا ایک دوست آپ کی ویڈیو دیکھتا ہے تو وہ مزید دوستوں کو ٹک ٹاک تک لے آئے گا اور یوں ویڈیو کی مشہوری کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ تاہم آخر میں فائدہ ٹک ٹاک کو ہی ہوگا جس کے بعد وہ دیگر پلیٹ فارم کے صارفین کو اپنی جانب راغب کرسکے گا۔ وجہ یہ ہے کہ جیسے ہی وہ شیئرکی جانے والی ویڈیو دیکھیں گے تو اس کے لیے اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔

اگرچہ اس میں کئی لوگوں کو دھڑا دھڑ مدعو کیا جاسکتا ہے جو اسپیمنگ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اسی لیے فی الحال ایک وقت میں ایک دوست سے ہی ویڈیو شیئر کی جاسکتی ہے۔ پھرقریبی جڑے ہوئے دوستوں سے ہی رابطہ ممکن ہے اور کسی بھی طرح دودراز اجنبیوں تک ویڈیو شیئر کرنا ممکن نہیں۔

دوسری جانب اس آپشن سے نئے ٹک ٹاکر کو مدد ملے گی جو ابتدائی درجے میں اپنی ویڈیو کی مقبولیت کے لیے کوشاں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔