لینڈ ڈیولپرز کے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا انکشاف ایف بی آر آڈٹ کریگا

لینڈ ڈیولپرزنے کلائنٹس سے اربوں روپے کا ٹیکس ود ہولڈ کرکے قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا،ڈائریکٹریٹ انٹیلی جنس


Irshad Ansari February 14, 2014
لینڈ ڈیولپرزنے کلائنٹس سے اربوں روپے کا ٹیکس ود ہولڈ کرکے قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا، خودبھی محصولات نہیںدے رہے،ڈائریکٹریٹ انٹیلی جنس۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے تمام لینڈ ڈیولپرز کا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ لینڈ ڈیولپرز کا ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کے لیے تمام فیلڈ فارمشنز کو گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں، لینڈ ڈیولپرز کی طرف سے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث لینڈ ڈیولپرز کا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف بی آر کو ڈائریکٹریٹ انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو کی طرف سے رپورٹ میں بتایا گیاکہ لینڈ ڈیولپرز کی طرف سے اربوں روپے کا ٹیکس ود ہولڈ کیا گیا مگر یہ ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا گیا ہے جبکہ بہت سے کیس ایسے ہیں جہاں لینڈ ڈیولپرز کی طرف سے ٹیکس ود ہولڈ کیا گیا اوراس میں سے کچھ حصہ قومی خزانے میں جمع بھی کرایا گیا مگر وہ بھی بروقت جمع نہیں کرایا گیا جس سے ملک کو ریونیو کی مد میں بھاری نقصان ہورہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لینڈ ڈیولپرز ودہولڈنگ ایجنٹس کے ذمرے میں آتے ہیں اور ود ہولڈنگ ایجنٹس کے طور پر ان لینڈ ڈیولپرز کو ایف بی آر کے ایما پر لوگوں سے ود ہولڈ کیا جانے والا ٹیکس ایف بی آر کو جمع کرانا ہوتا ہے مگر یہ لینڈ ڈیولپرز نہ تو اپنا پورا ٹیکس ادا کررہے ہیں اور اس سے بڑھ کر یہ کہ جو لوگوں سے ایف بی آر کے لیے ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے وہ واجبات بھی ایف بی آر کو جمع نہیں کرائے جاتے اور یہ رقم بھی لینڈ ڈیولپرز نے اپنے پاس رکھی ہوئی ہے جو غیر قانونی اقدام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ ڈیولپرز کے آڈٹ کے دوران جن لینڈ ڈیولپرز کے ذمے ود ہولڈنگ ٹیکس کے واجبات ہونگے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ود ہولڈنگ ٹیکس کے اصل واجبات کے ساتھ اضافی ٹیکس و سرچارج اور جرمانے بھی وصول کیے جائیں گے۔