ہائیکورٹ کا حکم سہراب گوٹھ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

سہراب گوٹھ سےٹول پلازہ کےدونوں اطراف قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے،میٹروپولیٹن کمشنر


Staff Reporter February 15, 2014
پولیس کی آرمڈگاڑیوں کے ذریعے سیکیورٹی فراہم کی جائیگی،رینجرزکی تعیناتی کیلیے ڈی جی رینجرزکوخطوط ارسال کردیے،سمیع الدین۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے دیے گئے احکام کی روشنی میں سہراب گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے، یہ بات انھوں نے تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ایس پی گڈاپ راہب خان ، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ مظہر خان، مشیر قانون سلطان احمد اور اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عبدالخالق جمالی بھی موجود تھے،سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا ، اس آپریشن کے دوران تمام پتھارے، کیبنز ، ٹھیلے، مختلف اقسام کی چھوٹی بڑی ناکارہ گاڑیاں، جھگی ہوٹلز، پختہ اور نیم پختہ دکانیں ہٹادی جائیں گی،انھوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا اور پولیس کی آرمڈ گاڑیوں کے ذریعے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، رینجرز کی تعیناتی کے لیے ڈی جی رینجرز کو خطوط ارسال کردیے گئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ علاقے کی حساس نوعیت کے پیش نظر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے ، انھوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ تک تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی روانی بہت بہتر ہوجائے گی۔

سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے دیے گئے احکام کا مکمل احترام کیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں قائم کردہ ٹاسک فورس نے نیوکراچی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ محمد اسحاق نے جام شہادت نوش کیا جو فرض شناسی کی اعلیٰ مثال ہے، اسی طرح بلال کالونی کورنگی میں ایک بڑے آپریشن کے ذریعے لاتعداد پختہ تجاوزات کوختم کرکے آمدورفت کے راستے کو صاف کردیا گیا، پی ای سی ایچ ایس میں قائم 20 فٹ چوڑی گلی اور 60 فٹ چوڑے روڈ پر ناجائز طور پر قائم آفس اور ویئر ہائوس کا بھی خاتمہ کیا جاچکا،ہائیکورٹ کے حکم پر ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے بھی بے شمار تجاوزات کا خاتمہ کیا، انھوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات مہم بھرپور انداز سے جاری رہے گی ،شہریوں کی آمدورفت کی سہولتوں میں بہتری لائی جائے گی، شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں اور بازاروں کے اردگرد قائم کردہ تجاوزات کو بھی ہٹایا جائے گا جس سے شہریوں کو شاپنگ کرنے میں بہتر سہولتیں ملے گی،شہری باآسانی فٹ پاتھوں پر چل سکیں۔