سندھ حکومت کا کورونا پابندیوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری
محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی اور حیدر آباد میں انڈور تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے
PESHAWAR:
محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا پابندیوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت اسکولوں میں پچاس فیصد حاضری جبکہ کھلے مقامات پر 500 افراد کی تقریبات کی اجازت دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پابندیوں سے متعلق جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انڈور تقریبات پر پابندی جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 300 ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں انڈور تقریبات میں 300 افراد کی شرکت اور آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد کی اجازت ہوگی تاہم دونوں قسم کی تقریبات میں افراد کا ویکسی نیٹڈ ہونا لازمی ہے جبکہ تقریبات میں کھانا کو ڈبوں میں پیش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کراچی اور حیدرآباد میں جِم، پارکس، مزارات اور سینما گھروں میں گنجائش کے تناسب سے 50 فیصد افراد کو آنے کی اجازت ہوگی جس کیلئے ویکسی نیٹڈ ہونا لازمی قرار پایا ہے۔
کراچی اور حیدرآباد میں 1 فروری سے اسکولوں میں 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کیلئے کم از کم ایک ویکسین کی ڈوز لازمی ہوگی۔ جبکہ 12 سال سے کم عمر بچے 50 فیصد حاضری کے ساتھ متبادل دنوں میں اسکول جاسکیں گے۔
نئی پابندیوں کا اطلاق 24 جنوری سے آئندہ بیس روز کے لیے ہوگا جبکہ کراچی اور حیدر آباد میں انڈور تقریبات پر 15 فروری تک پابندی عائد ہوگی۔