شرمیلا فاروقی نے بھی میری بے عزتی کی، نادیہ خان

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
اگر آپ کسی کو بدنام کرتے ہیں یا کسی کی نجی چیزوں کو وائرل کرتے ہیں تو یہ سائبر کرائم ہے، نادیہ خان فوٹوفائل

اگر آپ کسی کو بدنام کرتے ہیں یا کسی کی نجی چیزوں کو وائرل کرتے ہیں تو یہ سائبر کرائم ہے، نادیہ خان فوٹوفائل

کراچی: سابق مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے ان کے خلاف قانونی کارروائی پر ردعمل دیا ہے۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نادیہ خان بظاہر تو انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور جیولری وغیرہ کے بارے میں پوچھ رہی تھیں لیکن ان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا۔

نادیہ خان کے اس رویے کو سوشل میڈیا صارفین نے بہت زیادہ محسوس کیا اور ان پر ایک عمر رسیدہ خاتون کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کی گئی۔

شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کے اپنے والدہ کے ساتھ اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی۔ تاہم اب نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک طویل ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ انیسہ فاروقی کا تمسخر اڑانے کی وضاحت دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کرنے کا اعلان

نادیہ خان کی ویڈیو کا ایک مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں مجھے وہ خواتین بہت اچھی لگتی ہیں جو ہر عمر میں اپنا خیال رکھتی ہیں۔ نادیہ خان نے کہا کہ وہ ویڈیو میں انیسہ فاروقی کی تیاریوں کی تعریف کررہی تھیں جس پر وہ بہت خوش ہوئیں۔

مارننگ شو کی میزبان نے کہا کہ میں نے ویڈیو میں انیسہ فاروقی کے لیے ایک بھی برا لفظ نہیں کہا حالانکہ شرمیلا نے میرے لیے ’’بے شرم‘‘ کا لفظ استعمال کیا۔ یہ غلط لفظ ہے، یہ میری بے عزتی ہےاور یہ جرم ہے۔

نادیہ خان نے کہا اگر آپ کسی کو بدنام کرتے ہیں یا کسی کی نجی چیزوں کو وائرل کرتے ہیں تو یہ سائبر کرائم ہے لیکن اتنی پڑھی لکھی خاتون شرمیلا فاروقی کو سمجھ نہیں آرہا کہ میری اور انیسہ فاروقی کی ویڈیو میں سائبر کرائم کہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مذاق کے نام پر لوگوں کی دل آزاری کرنا بند کیجئے

نادیہ خان نے کہا کہ شکایت درج کرنے سے نہ مجھے اور نہ میرے گھروالوں کو کوئی فرق پڑرہا ہے۔ مارننگ شو کی میزبان نے شرمیلا فاروقی کی اس بات پر بھی اعتراض کیاکہ شرمیلا نے اگر سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی تو اس کا ڈھنڈورا میڈیا پر کیوں پیٹا۔ اگر آپ کو اپنی والدہ کا اتنا احساس ہے تو آپ بغیر اعلان کیے جائیں۔ لیکن آپ کو ہر جگہ میڈیا چاہئے تاکہ آپ ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔