این سی او سی نے مساجد اورعبادت گاہوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
این سی او سی کے مطابق صفوں اور نمازیوں کے درمیان 6فٹ کا فاصلہ لازمی ہوگا —فائل فوٹو

این سی او سی کے مطابق صفوں اور نمازیوں کے درمیان 6فٹ کا فاصلہ لازمی ہوگا —فائل فوٹو

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافے کے پیش نظر مساجد اور عبادت گاہوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئ ہے۔ 

اس ضمن میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مساجد سے کارپٹ ہٹادیے جائیں۔ این سی او سی کے مطابق صفوں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی ہوگا جبکہ بزرگ اپنے گھروں میں عبادت اور نماز کو ترجیح دیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق مساجد میں دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی اور وینٹی لیشن کا مناسب انتظام کیا جائے۔ این سی او سی نے زور دیا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی بھی مختصر دورانیے میں کی جائے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جان لیوا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید23 افراد انتقال کرگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 59 ہزار  343 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7678 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔