3 لاکھ روپے کے تنازع پر دوست نے دوست کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
دوست ہی دوست کا قتل نکلا(فوٹو:فائل)

دوست ہی دوست کا قتل نکلا(فوٹو:فائل)

 کراچی: سندھ پولیس نے شہرقائد کے علاقے گزری میں تین لاکھ روپے کے تنازع پر دوست کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گزری میں ایک شخص کے قتل کا واقعہ پیش آیا، جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہوئی، جس پرپولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔

ایس ایس پی کلفٹن ابریز علی عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ جس پر تھانہ گزری پولیس نے 12 گھنٹے کے مختصر وقت میں قاتل میں ملوث شخص کو گرفتار کیا، جو مقتول کا دوست ہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جمعرات کی شب گزری میں قتل ہونے والے اسماعیل کے قاتل محمد نور کو گرفتار کرلیا، جس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نور اور اسماعیل میں تین لاکھ روپے کا تنازع چل رہا تھا، مقتول نے رقم کی واپسی کا تقاضہ کیا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا جس پر ملزم نے اپنے دوست کے سر پر لوہے کا راڈ مارا ، جس کی نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ اور مقتول ایک ہی بنگلے میں ملازمت کرتے تھے، مقتول بنگلے کا مالی جب کہ وہ خود ڈرائیور ہے۔ پولیس نے آلہ قتل برآمد کرکے واقعے کی مزید تفتیش بھی شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔