چند روز میں حکومت اور طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کی امید ہے مولانا یوسف شاہ

حکومت اور طالبان کے درمیان ابھی مذاکرات چل رہے ہیں لیکن جنگ بندی نہیں ہوئی، کوآرڈینیٹر طالبان کمیٹی


ویب ڈیسک February 15, 2014
مذاکرات کی کامیابی کے لئے جنگ بندی ضروری ہے، مولانا یوسف شاہ ۔ فوٹو؛ فائل

طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ چند روز حکومت اور طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان ہوجائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کے لئے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، ہم اللہ تعالٰی کی مدد سے اچھے نتائج کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کا کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا اس لئے وہ قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صبر کریں، مذاکرات سے متعلق انہیں جلد خوش خبری ملے گی۔

مولانا یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان میں ابھی مذاکرات جاری ہیں لیکن جنگ بندی نہیں ہوئی، مذاکرات کے لئے پرامن ماحول کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم کوششیں کررہے ہیں، امید ہے کہ ایک دو روز میں دونوں جانب سے مشترکہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کردیا جائے گا، جب جنگ بندی ہوجائے گی تو پھر انشااللہ ملک میں دہشت گردی نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے بارے میں چند علمائے کرام کو تحفطات ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے مولانا سمیع الحق نے علما و مشائخ کا اجلاس بلایا ہے جہاں ان کے تحفظات دور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

مقبول خبریں