کورنگی پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ساتھی فرار

پی اینڈ ٹی کالونی میں ہائی روف سوار ڈاکو شہریوں کولوٹ رہے تھے، پولیس پہنچ گئی


Staff Reporter February 16, 2014
پی اینڈ ٹی کالونی میں ہائی روف سوار ڈاکو شہریوں کولوٹ رہے تھے، پولیس پہنچ گئی۔ فوٹو: فائل

کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ان کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی زخمی ہوا ، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ڈاکوئوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے پی اینڈ ٹی کالونی میں سی این جی اسٹیشن کے قریب ہائی روف میں سوار ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے ، اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان ہلاک جبکہ ان کا ساتھی فرار ہوگیا ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی حالت میں بھاگ نکلا ، فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری 15 سالہ بلال زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر دونوں ڈاکوئوں کی شناخت نہیں ہوسکی ،ایک ڈاکو کی جیب سے ٹرین کے ٹکٹ ملے ہیں جس کے مطابق دونوں گزشتہ شب ہی ملتان سے کراچی پہنچے تھے،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل کردیں،علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ترجمان کے مطابق مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کے لیے سی سی ون ایوارڈ اور 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔